حج اکبر کی ادائیگی جاری، رکن اعظم وقوف عرفہ ادا کردیا گیا

مکہ المکرمہ (ثاقب غوری سے) – حج اکبر کی ادائیگی جاری ہے، حج کا رکن اعظم وقوف عرفہ ادا کردیا گیا۔ 10 لاکھ عازمین رواں سال حج اکبر کی سعادت حاصل کر رہے ہیں۔
عازمین نے رات بھر منیٰ میں قیام کیا، تلاوت کی، نوافل ادا کئے اور دعائیں مانگیں۔ نمازِ فجر کی ادائیگی کے بعد عازمین میدان عرفات پہنچنا شروع ہوئے۔ عازمین نے میدان عرفات میں خطبہ حج سُنا۔
اس سال خطبہ حج رابطہ عالم اسلامی کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر محمد بن عبدالعزیز العیسیٰ نے دیا۔ خطبہ حج کا دنیا کی چودہ بڑی زبانوں میں ترجمہ کیا گیا۔
غروب آفتاب کے ساتھ عازمین مزدلفہ روانہ ہوں گے، جہاں مغرب اور عشاء کی نمازیں اکٹھی ادا کی جائیں گی۔ عازمین رات بھر کھلے آسمان تلے قیام کریں گے اور رمی کیلئے کنکریاں چنیں گے۔
دس ذی الحجہ بروز ہفتہ طلوع آفتاب کے بعد حجاج کرام مزدلفہ سے واپس منیٰ روانہ ہونگے، جہاں پہلے مرحلے میں بڑے شیطان کو کنکریاں ماری جائیں گی اور پھر سنت ابراہیمی کی ادائیگی کے بعد سر منڈوا کر احرام کھول دیں گے اور طواف زیارت کریں گے۔
کورونا کے بعد پہلی بار 10 لاکھ افراد فریضہ حج ادا کررہے ہیں، جن میں ساڑھے آٹھ لاکھ غیرملکی ہیں۔ رواں سال 80 ہزار سے زائد پاکستانی بھی فریضہ حج ادا کررہے ہیں