دعا زہرہ کی عمر 15 سے 16 سال کے درمیان ہے: میڈیکل رپورٹ
محکمہ صحت سندھ کے تشکیل کردہ میڈیکل بورڈ نے پسند کی شادی کرنیوالی دعا زہرہ کی عمر 15 سے 16 سال کے درمیان قرار دی ہے۔
ذرائع کے مطابق میڈیکل بورڈ نے دعا زہرہ کی عمر کا تعین کر لیا، میڈیکل بورڈ کی رپورٹ میں دعا زہرہ کو "مائنر” لکھا گیا ہے۔
بورڈ نے عمر کے درست تعین کیلئے ہڈیوں اور دانتوں کے ایکسرے اور بلڈ ٹیسٹ سمیت دیگر ٹیسٹ کئے ۔
میڈیکل بورڈ نے اپنی رپورٹ میں کہا کہ جسمانی معائنے کے بعد دعا زہرہ کی عمر 14 سے 15سال کے درمیان ہے۔
بورڈ کے مطابق دانتوں کی جانچ کے مطابق ان کی عمر 13 سے 15 سال کے درمیان ہے جبکہ ہڈیوں کی جانچ کے بعد ان کی عمر 16 سے 17 سال تک بتائی گئی ہے۔
ڈاؤ میڈیکل کالج کی پرنسپل ڈاکٹر صبا سہیل کی زیر سربراہی قائم 10 رکنی خصوصی میڈیکل بورڈ نے نتیجہ اخذ کیا کہ دعا زہرہ کی عمر 15 سے 16 سال کے درمیان ہے اور 15 سال کے زیادہ قریب ہے۔
یاد رہے کہ دعا نے موقف اختیار کیا تھا کہ ان کی عمر 18 سال ہے اور دعویٰ کیا تھا کہ انہوں نے اپنی مرضی سے ظہیر احمد سے شادی کی تھی البتہ ان اس بات پر مصر ہیں کہ ان کی بیٹی نابالغ ہے۔
میڈیکل رپورٹ سندھ ہائی کورٹ میں جمع کروا دی گئی ہے۔
سندھ پولیس کی خصوصی ٹیم نے دعا زہرہ کو اینٹی وائلنٹ کرائم سیل کے حوالے کیا جس کے بعد ان کے میڈیکل ٹیسٹ کروائے گئے۔
میڈیکل بورڈ نے دعا زہرہ کے والدین کو بھی طلب کیا تھا اور دعا کی میڈیکل ہسٹری معلوم کی۔
یاد رہے کہ دعا زہرہ کے والد مہدی کاظمی کی درخواست پر عدالت نے دعا زہرہ کی عمر کے تعین کے لیے بورڈ قائم کرنے کے احکامات دیے تھے۔ میڈیکل بورڈ نے سات روز میں دعا زہرہ کی عمر کے تعین کی رپورٹ پیش کرنا تھی۔کراچی کی مقامی عدالت کے حکم پر میڈیکل بورڈ نے دعا زہرا کی عمرکے تعین سے متعلق رپورٹ جمع کرائی ہے۔اب اس حوالے سے دعا کے والد کا ایک بیان سوشل میڈیا پر سامنے آیا ہے جس میں انہوں نے میڈیکل بورڈ کی رپورٹ پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے حمایت کرنے والوں کا شکریہ ادا کیا۔
مہدی کاظمی نے کہا کہ آج میڈیکلی ثابت ہوگیا کہ میری بیٹی کی عمر 15 سال ہے، آپ سب سے دعا ہے کہ میرے لیے مزید دعا کریں کیوں کہ کیس ابھی مزید آگے بھی جاری رہے گا لیکن انشاللہ اب کیس ہمارے لیے آسان ہوگیا ہے۔
مہدی کاظمی کا کہنا تھاکہ جو لوگ لڑکے کے ساتھ سیلفی لے رہےتھے وہ اب جیل کی سلاخوں کے پیچھے جاکر سیلفیاں لیں گے۔