میں اپنے اداروں کے خلاف جنگ کرنے نہیں نکلا، عمران خان
اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ میں اپنے اداروں کے خلاف جنگ کرنے نہیں نکلا اور قوم میں انتشار نہیں پھیلانا چاہتا۔
پریڈ گراؤنڈ میں مہنگائی، لوڈشیڈنگ اور پیٹرول کی قیمتوں میں غیرمعمولی اضافے کے خلاف احتجاجی جلسہ عوام سے خطاب کے دوران انہوں نے کہا تم چاہتے ہو ہم اپنے اداروں اور عدلیہ کے خلاف کھڑے ہوجائیں لیکن جان لو کہ قوم بھی میری ہے اور پولیس بھی میری ہے، میں ایک مقصد کے لیے نکلا ہوں اور یہ کہ امپورٹڈ حکومت نامظور۔
انہوں نے کہا کہ قوم بھی اس ملک کے بڑے بڑے ڈاکوؤں کو ہمارے اوپر مسلط کیا گیا، آصف علی زرداری کے اثاثے ملک سے باہر جبکہ نواز شریف کے بیٹے ملک سے باہر ہیں، یہ وہ لوگ ہیں جب روپے کی قدر گرتی ہے تو انکی دولت میں اضافہ ہوتا ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین کے حوالے سے کہا کہ حسین حقانی کے ذریعے امریکا کو پیغام بھیجا۔
خیال رہے کہ جلسے کے موقع پر اسلام آباد میں سیکیورٹی ہائی الرٹ ہے، جلسے کی ڈیوٹی پر 2000 پولیس اہل کاروں کو تعینات کیا گیا ہے، 1500 پولیس اہلکار جلسہ گاہ کے ارد گرد تعینات ہیں اور 500 اہل کاروں کو ریڈ زون کے اندر تعینات کیا گیا۔
جلسے میں شرکت کے لیے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان ریلی کی شکل میں شمس آباد سے پریڈ گراونڈ تک آئے جس کے لیے پولیس نے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے۔
پولیس نے راولپنڈی مری روڈ پر مختلف مقامات پر ڈائیورشن لگانے کا فیصلہ کیا۔ راولپنڈی سکستھ روڈ سے اسلام آباد تک کئی رابطہ سڑکیں بند رہیں۔ مری روڈ پر چلنے والے عام ٹریفک کو متبادل راستے فراہم کیے گئے۔