عصر حاضر کے تقاضوں کے مطابق پولیس کی تربیت کرینگے اور پولیس کو جدید سہولیات سے آراستہ کیا جائیگا ، وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد

sheikh rasheeed

اسلام آباد (عمران منیر قذافی سے ) :وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ عصر حاضر کے تقاضوں کے مطابق پولیس کی تربیت کرینگے اور پولیس کو جدید سہولیات سے آراستہ کیا جائیگا، پولیس کا جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ہونا بہت ضروری ہے، رواں ماہ ایک ہزار نئے پولیس اہلکار بھرتی کئے جائیں گے، پولیس کا مورال بلند ہونا چاہئے اس کیلئے افسر اپنے جوانوں سے زیادہ گھلیں ملیں، ٹی ایل پی کے ساتھ ہونے والے معاہدے کی تفصیل چند دنوں میں سب کے سامنے ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے ہفتہ کو یہاں فاطمہ جناح پارک میں اسلام آباد ٹریفک پولیس کے فیملی گالا میں بطور مہمان خصوصی شرکت کے دوران کیا ۔

وزیر داخلہ نے اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان بھر کی پولیس پر بہت ذمہ داریاں عائد ہوتی ہیں ، پولیس کے جوان کا مورال بلند ہونا ضروری ہے اس کیلئے افسروں کو جوانوں کے شانہ بشانہ کھڑا ہونا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ رواں ماہ ایک ہزار نئے پولیس اہلکار بھرتی کئے جائیں گے ، پولیس کو عصرحاضر کے تقاضوں سے لیس کرنے کے سلسلہ میں اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ اسلام آباد پولیس کے 14ڈرونز موجود ہیں جبکہ 130اہلکاروں پر مشتمل شاہین سکواڈ بھی اپنی خدمات فراہم کر رہا ہے ۔وزیر داخلہ نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت میں 1122کی سہولت کیلئے پنجاب حکومت سے اسی ہفتہ ایم او یو سائن کیا جائیگا۔

انہوں نے کہا کہ پولیس کے پاس جدید ٹیکنالوجی اور ان کی بہترین تربیت بہت ضروری ہے ۔شیخ رشید احمد نے کہا کہ ہمسایہ ملک افغانستان کی صورتحال کے اثرات پاکستان پر بھی مرتب ہونگے کیونکہ سردیاں شروع ہونے والی ہیں اور اگر ہمسایہ ملک میں 4کروڑ لوگ بھوکے ننگے ہونگے تو یہ ممکن نہیں کے اس کے اثرات یہاں پرنہ ہوں ۔

ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت کو ساڑھے تین سال ہو گئے ہیں اور اپوزیشن اپنی حالیہ احتجاج کیلئے وارم اپ ہونے میں چھ ماہ لے گی۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کی پولیس کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دے گی۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ میں وزیر اعظم عمران خان کے ساتھ ہوں اور الیکٹرانک ووٹنگ مشین کا حامی ہوں۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ ٹی ایل پی سے جو معاہدہ ہوا ہے اس کی تفصیلات چند دن میں سامنے ہونگی۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ شہباز شریف اور فواد حسن فواد کے نام پہلے ہی ای سی ایل پر ہیں اور اب ایک اور کیس میں ان کے نام ای سی ایل میں شامل کئے گئے ہیں۔

شیخ رشید احمد نے کہا کہ اسلام آباد میں جرائم کی شرح کم ہونی چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ مجھے اپنی پولیس پر فخر ہے اور میں شہداء کے گھروں میں جائوں گا۔ ایک اور سوال کے جواب میں وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت کو کوئی خطرہ نہیں ہے اور حکومت اپنی مدت پوری کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن مہنگائی کے نام پر اپنی الیکشن مہم چلانا چاہتی ہے ۔

https://twitter.com/ShkhRasheed/status/1459499136156372997
50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں