وزیر اعلیٰ پنجاب کا انتخاب: منحرف ارکان کو نکال کر ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا حکم

لاہور (وآصب غوری سے ) – وزیراعلیٰ پنجاب کے الیکشن کے خلاف تحریک انصاف کی درخواستیں منظور کرلی گئی۔
لاہور ہائیکورٹ نے منحرف ارکان کے 25 ووٹ نکال کر دوبارہ گنتی کا حکم دیدیا، جس کی اکثریت ہوگی وہ جیت جائے گا، کسی کو مطلوبہ اکثریت نہیں ملتی تو آرٹیکل 130 فور کے تحت سیکنڈ پول ہوگا۔ 5 رکنی لارجر بینچ نے چار ایک سے فیصلہ سنایا۔
عدالتی حکم میں قرار دیا گیا کہ دوبارہ الیکشن کا حکم سپریم کورٹ کے فیصلے کے خلاف ہوگا، گورنرپنجاب کل یکم جولائی کو اسمبلی اجلاس بلائیں، الیکشن مکمل ہونے کے بعد نئے وزیراعلیٰ کا حلف دو جولائی دن 11 بجے یقینی بنایا جائے۔ اسمبلی اجلاس میں بدنظمی ہوئی تو اس کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی ہوگی۔
فیصلہ میں جسٹس ساجد محمود سیٹھی نے عثمان بزدار کو بحال کرنے کا اختلافی نوٹ لکھا۔
مسلم لیگ ن کے رہنما عطاتارڑ نے فیصلہ خوش آئند قراردیا، پی ٹی آئی کے وکیل بیرسٹرعلی ظفرنے بھی لارجر بنچ کے فیصلے کو اچھا قرار دیا۔
لاہورہائیکورٹ میں حمزہ شہباز کے بطور وزیراعلیٰ پنجاب انتخاب اور سنگل بینچ کے فیصلوں کے خلاف اپیلیں دائر کی گئی تھیں۔