محکمہ موسمیات نے 30 جون سے بارشوں کی پیشگوئی کر دی
اسلام آباد (عمران قذافی سے ) – گرمی کے ستائے عوام کے لیے خوشخبری آ گئی۔ محکمہ موسمیات نے 30 جون سے بارشوں کی پیشگوئی کر دی۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں مشرقی ہوائیں 29 جون سے ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہوں گی جو ہفتے کے آخر میں جنوبی علاقوں میں زیادہ شدت اختیار کرنے کے بعد پھیل سکتی ہیں۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ یکم سے پانچ جولائی کے دوران اسلام آباد، لاہور، کراچی، حیدرآباد سمیت ملک کے بیشتر علاقوں میں بارش برسے گی۔ چند مقامات پر موسلادھار بارش کا بھی امکان ہے۔
آئندہ چوبیس گھنٹے کے دوران اسلام آباد سمیت سندھ، خیبرپختونخوا، پنجاب، بلوچستان کے بیشترعلاقوں میں موسم گرم رہے گا۔
محکمہ موسمیات کا مزید کہنا تھا کہ گلگت بلتستان میں مطلع جزوی طور پر ابرآلود رہے گا جبکہ کشمیر میں بعض مقامات پر تیزہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔