وزیراعظم کا آئی ایم ایف سے مذاکرات پر اتحادیوں کو اعتماد میں لینے کا فیصلہ
اسلام آباد (ثاقب غوری سے ) وزیراعظم شہباز شریف نے آئی ایم ایف سے مذاکرات پر اتحادیوں کو اعتماد میں لینے کا فیصلہ کرلیا ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق انہوں نے معاشی صورتحال پر مشاورت کے لئے اتحادیوں کو مدعو کیا ہے ، اس مقصد کے لیے وزیر اعظم حکومتی اتحادی جماعتوں کے ارکان اسمبلی کے اعزاز میں عشائیہ دیں گے اور انہیں آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات سے آگاہ کریں گے۔
معلوم ہوا ہے کہ شہباز شریف کی جانب سے اتحادی ارکان قومی اسمبلی کو پیر کو عشائیہ پر مدعو کیا گیا ہے ، جہاں وہ حکومت کی اتحادی جماعتوں سے معاشی چیلنجز سے نمٹنے پر مشاورت سمیت مہنگائی کے خاتمے کے لیے ارکان اسمبلی سے تجاویز لیں گے۔ گزشتہ روز وزیراعظم شہباز شریف نے سپر ٹیکس لگانے کا مقصد غربت کا خاتمہ قرار دیا ، انہوں نے کہا کہ حکومت نے یہ فیصلہ غربت کے خاتمے کے مقصد سے کیا ، متمول طبقے سے کہا ہے وہ بوجھ بانٹ کر قومی فرض پوراکریں ، براہ راست ٹیکس سے حاصل رقم مالی مشکلات سے متاثر افراد پرخرچ ہوگی ، میکرو اکنامک استحکام پہلا قدم ہے، اتحادی حکومت معاشی خود کفالت حاصل کرنا چاہتی ہے، ہماری قومی سلامتی کا معاشی انحصار سے بہت گہراتعلق ہے۔