روس نے سپلائی روک دی جرمنی میں گیس بحران پیدا ہوگیا
روس کی جانب سے سپلائی بند کیے جانے کے بعد یورپ کی سب سے بڑی معیشت جرمنی کو گیس کے بحران کا سامنا ہے جس کا جرمنی نے باقاعدہ اعلان بھی کردیا ہے۔
جرمنی آنے والے موسم سرما کے لیے گیس کا بندوبست کرنے کی کوشش کررہا ہے۔
جرمنی نے آج جمعرات کو اپنا تین مرحلوں پر مشتمل گیس ایمرجنسی پروگرام متحرک کردیا ہے جس کے تحت انڈسٹری کے لیے گیس کا بندوبست کیا جائے گا۔
جرمنی کے وزیرمعاشیات رابرٹ ہابک نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ جرمنی کے پاس گیس کم پڑچکی ہے اور ہمیں گیس کے بحران کا سامنا ہے۔
ایک رپورٹ کے مطابق روس کی جانب سے جرمنی ، اٹلی اور دیگر یورپی ملکوں کو گیس کی سپلائی روکنے کے باعث یورپ کا انرجی بحران اس ماہ زیادہ سنگین ہوچکا ہے۔
روس کی گیس کمپنی گاز پروم جرمنی کے لیے گیس میں ساٹھ فیصد کمی کرچکی ہے۔
روس کی جانب سے گیس فراہمی معطل کیے جانے کے باعث یورپی یونین کے بارہ ممالک متاثر ہیں۔
یورپی یونین کے کلائمٹ پالیسی چیف فرانز ٹمر مین کا کہنا ہے کہ روس انرجی کو ہتھیار کے طورپر استعمال کررہا ہے۔ روس اصل میں ہمارے اتحاد کو کمزور کرنے کے درپے ہے۔