نیب ملک کا سب سے کرپٹ ترین ادارہ ہے، شاہد خاقان عباسی
اسلام آباد(ثاقب غوری سے ) مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ ملک کا سب سے کرپٹ ترین ادارہ نیب ہے۔
مسلم لیگ ن کے رہنما شاہد خاقان عباسی نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ قومی احتساب بیورو (نیب) کو ختم کرنے کے مؤقف پر قائم ہوں اور نیب کو ختم کرنے کی ضرورت پہلے بھی تھی آج بھی ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے 4 سال نیب کو استعمال کیا اور ہم نے 5 سال حکومت کی لیکن عمران خان نے نیب کو قبضے میں رکھا۔ ملکی وزیر اعظم کو 18 ماہ جیل میں رکھا گیا لیکن کوئی کیس نہ بنا سکے۔
شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ہمارے خلاف وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) سے مل کر جعلی کیس بنایا گیا اور حکومت کے گواہ نے کہا شاہد عباسی کا کیس سے کوئی تعلق نہیں جبکہ آخری گواہ نے کہا میرا بیان ریکارڈ میں لگا ہے جو میں نے نہیں دیا۔
انہوں نے کہا کہ میں کہتا رہا کیمرے لگا کر کارروائی کریں اور آج بھی کہتا ہوں ملک کا سب سے کرپٹ ترین ادارہ نیب ہے۔ کمیشن بنائیں اور لوگ پیش ہو کر بتائیں کہ نیب نے آج تک کیا کیا۔