این اے 240 میں بے ضابطگیاں، سیکرٹری الیکشن کمیشن کو معاملے پر انکوائری کمیٹی بنانے کی ہدایت
اسلام آباد (قاری عاشق حسین سے ) این اے 240 میں بے ضابطگیوں سے متعلق کیس میں سیکرٹری الیکشن کمیشن کو معاملے پر خصوصی انکوائری کمیٹی بنانے کی ہدایت کر دی گئی۔
کراچی کے حلقہ این اے دو سو چالیس کے ضمنی انتخاب میں بیلٹ پیپرز چوری ہونے اور بدامنی کے معاملے کی سماعت چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں سماعت ہوئی۔ پولنگ اسٹیشن نمبر ستاسی لانڈھی زمان آباد کے پریزائیڈنگ افسر حبیب خان نے پیش ہو کر تحریری جواب اور سی سی ٹی وی فوٹیج جمع کرائی۔
ایس ایس پی فیصل بصیر نے بتایا کہ دو پولنگ اسٹیشنز پر ایسے واقعات ہوئے جس سے دھاندلی کا تاثر ملا، ایک سیاسی کارکن بیلٹ پیپر چوری کرنے کی کوشش کر رہا تھا لیکن کامیاب نہیں ہو سکا۔
چیف الیکشن کمشنر نے مقدمہ کے اندراج کیلئے اسپیشل سیکرٹری کو شکایت درج کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ نادرا کی مدد سے سیاسی کارکن کی شناخت کی جائے۔
چیف الیکشن کمیشن نے کہا کہ بدامنی پیدا کرنے والے افراد کے ساتھ کوئی نرمی نہیں برتی جائے گی۔ انہوں نے پولیس کی کارکردگی کا تعین کرنے کیلئے تین رکنی کمیٹی بنانے اور وزیراعلیٰ اور آئی جی سندھ کو خط لکھنے کا حکم دیا۔
چیف الیکشن کمشنر نے ایس ایس پی کو تمام ملزمان کے بیان قلم بند کرنے کی ہدایت کی۔ کیس کی مزید سماعت دس روز کیلئے ملتوی کر دی گئی۔