ملک میں کورونا وائرس کے کیسز میں اضافہ، شہریوں کو ایک بار پھر ماسک پہننے کی ہدایت جاری
اسلام آباد (ثاقب غوری سے ) پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز میں ایک بار پھر اضافہ ہونے لگا ہے،شہریوں کو ایک بار پھر ماسک پہننے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔تفصیلات کے مطابق پاکستان کے مختلف شہروں میں کورونا وائرس نے ایک مرتبہ پھر سر اٹھا لیا ہے۔کورونا کیسز میں پھرتیزی سے اضافہ ہونا شروع ہوگیاہے۔ملک کورونا مریضوں کے حوالے سے مرتب کی گئی فہرست میں 50 ویں نمبر پر ہے۔
گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس سے ایک مریض کا انتقال بھی ہوا۔ملک بھر میں 24 گھنٹوں کے دوران9 ہزار 406 کورونا ٹیسٹ کیے گئے ہیں۔منگل کے روز قومی ادارہ صحت (این آئی ایچ )کی جانب سے جاری کردہ ٹویٹ میں شیئر کیے گئے اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 9406 کورونا ٹیسٹ کیے گئے ہیں جن میں سے 113 افراد کے کورونا ٹیسٹ مثبت آئے ہیں۔
اس طرح گزشتہ 24 گھنٹوں میں کیے گئے مثبت کورونا ٹیسٹ کی شرح 1.20 فیصد رہی ہے۔ مزید برآں اس دوران کورونا وائرس سے ایک مریض جاں بحق ہوا جبکہ 58 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔ اسلام آباد کے ڈی ایچ او کا کہنا ہے کہ شہر اقتدار میں کورونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح 2 اعشاریہ 06 فیصد ہو گئی ہے۔ اسلام آباد میں گذشتہ عز کورونا وائرس کے 971 ٹیسٹ کیے گئے۔
جن کے نتیجے میں 20 افراد میں کورونا کی تشخیص ہوئی۔ قومی ادارہ صحت کی جانب سے کہا گیا ہے کہ کورونا وائرس کے خلاف جنگ ابھی ختم نہیں ہوئی۔شہری ہجوم والی جگہوں پر احتیاط کریں اور ماسک پہنیں۔ قومی ادارہ صحت کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ہجوم والی جگہوں پر شہری سماجی فاصلے کا خیال رکھیں۔این آئی ایچ نے کہا کہ پالستان میں کورونا وائرس کی ویکسین کیا اہل 85 فیصد آبادی کی ویکسینیشن مکمل ہو چکی ہے۔