وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کا ڈینگی پر قابو پانے کیلئے سرویلنس کو مزید مؤثر بنانے کا حکم
لاہور: (حمزہ علوی / مبشر بلوچ سے) وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ڈینگی پر قابو پانے کیلئے سرویلنس کو مزید مؤثر بنانے کا حکم دیا ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ہدایت کی ہے کہ سرویلنس کے ساتھ مریضوں کے علاج معالجے پر بھی خصوصی توجہ دی جائے اور ہسپتالوں میں ڈینگی بخار کے مریضوں کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں۔بخار کی دوائی کی دستیابی کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے۔بخار کی میڈیسن کی قلت کا کوئی جواز نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈینگی کی وباء سے نمٹنے کے لئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے اور انسداد ڈینگی کیلئے تمام وسائل بروئے کا رلائے جائیں۔متعلقہ محکمے، ڈویژنل کمشنرزاورڈپٹی کمشنرز ڈینگی سے نمٹنے کیلئے طے کردہ طریقہ کار پر عملدر آمدسختی سے یقینی بنائیں۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ ایک ایک جان عزیز ہے، ڈینگی کے تدارک میں غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔عوام کو ڈینگی سے محفوظ رکھنے کیلئے ہر ادارے کو ذمہ داری پوری کرنا ہوگی۔ وزیراعلیٰ نے سعودی عرب سے صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد سے دوبارہ ٹیلی فونک رابطہ کرکے انسداد ڈینگی کیلئے ضروری ہدایات دیں۔ ڈاکٹر یاسمین راشد نے وزیراعلیٰ کو صوبے میں ڈینگی کی صورتحال، ہسپتالوں میں مریضو ں کے علاج معالجے کے انتظامات اور ادویات کی دستیابی کیلئے کئے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔ ڈاکٹر یاسمین راشد نے بتایا کہ بخار کی میڈیسن کی دستیابی کو یقینی بنانے کیلئے ہرممکن اقدام کر رہے ہیں اور ہسپتالوں میں مریضو ں کے علاج معالجے کیلئے انتظامات کی خود نگرانی کر رہی ہوں۔