افغان عوام کو انسانی بحران سے بچانا ہر ایک کی اخلاقی ذمہ داری ہے، وزیراعظم عمران خان کا ٹویٹ

PM IMRAN KHAN

اسلام آباد۔ (واصب ابراہیم غوری سے):وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ افغان عوام کو انسانی بحران سے بچانا ہر ایک کی اخلاقی ذمہ داری ہے۔ منگل کو اپنے ٹویٹ میں وزیراعظم عمران خان نے برطانوی نشریاتی ادارے کی افغان عوام کو درپیش غذائی قلت کے خطرے سے متعلق رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ میں نے افغانستان میں انسانی بحران سے پہلے ہی خبردار کر دیا تھا، اب عالمی ادارہ خوراک کے سربراہ نے الرٹ جاری کیا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان افغانستان کو ہر ممکن مدد فراہم کرتا رہے گا لیکن عالمی برادری کو بھی اپنا کردار ادا کرنا چاہئے۔ برطانوی نشریاتی ادارے نے اپنی رپورٹ میں خبردار کیا کہ افغانستان میں موسم خزاں اور سرما کے آغاز سے بہت سے علاقوں سے خشک سالی کی خبریں آ رہی ہیں اور افغان عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ افغانستان میں عوام کو خوراک کی شدید قلت کا سامنا ہے اور موسم سرما میں شدید سردی کے باعث یہ بحران خوفناک صورت اختیار کر سکتا ہے۔ رپورٹ کے مطابق عالمی ادارہ خوراک کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر جنہوں نے گذشتہ روز کابل کا دورہ کیا تھا، نے بھی صورتحال کو تشویشناک قرار دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ روئے زمین پر بدترین انسانی المیہ جنم لے سکتا ہے، افغانستان میں 95 فیصد عوام کو ناکافی خوراک کے مسائل کا سامنا ہے اور 2 کروڑ 30 لاکھ عوام بھوک کی جانب بڑھ رہے ہیں۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں