احساس راشن رعایت رجسٹریشن پورٹل کا اجراء کردیا گیا، کم آمدنی والے گھرانے اپنی درخواستیں پورٹل پر آن لائن جمع کراسکتے ہیں ، ڈاکٹر ثانیہ نشتر
اسلام آباد: (واصب ابراہیم):احساس راشن رعایت رجسٹریشن پورٹل کا اجراء کردیا گیا۔
احساس راشن رعایت پورٹل گھرانوں اور کریانہ مالکان کی رجسٹریشن کےلئے منگل کو کھول دیا گیا ہے۔پورٹل کا پتہ ehsaasrashan.pass.gov.pk ہے۔
وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ سینیٹرڈاکٹر ثانیہ نشتر نے احساس راشن پورٹل کے اجراء کے موقع پر ستارہ مارکیٹ اسلام آباد میں ایک کریانہ دکاندار کی احساس رجسٹریشن پورٹل پر درخواست خود درج کرائی۔نیشنل بینک ٹیم کے اعلیٰ افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےسینیٹر ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے بتایا کہ کم آمدنی والے گھرانے اپنی درخواستیں پورٹل پر آن لائن جمع کراسکتے ہیں۔فی گھرانہ ایک ہی درخواست جمع ہوگی اورہر گھرانہ اندراج کےلئے گھر کے ایک فرد کو چنے گا۔
پورٹل کی درخواست گزار گھرانے یقینی بنائیں کہ موبائل سم گھرانےکے اسی فرد کے نام پر رجسٹرڈ ہو۔اہل ٹھہرائے جانے کی صورت میں صرف رجسٹرڈ فرد راشن رعایت حاصل کر سکے گا۔
تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے انہوں نے مزید بتایا کہ رجسٹریشن کے چار ہفتوں کے اندر گھرانوں کو ان کی اہلیت کے پیغامات 8171سے بھجوا دئیے جائیں گے۔دو کروڑ اہل گھرانے آٹا، خوردنی تیل، دالوں پر ماہانہ ایک ہزار کی رعایت حاصل کرسکیں گے۔کریانہ دکاندار بھی راشن رعایت پروگرام میں شریک ہونے کےلئے خود کو رجسٹر کرواسکتے ہیں۔
کریانہ دکانداروں کی رجسٹریشن کےلئے بینک اکاؤنٹ نمبر فراہم کرنا ضروری ہے۔جن کریانہ دکانداروں کے بینک اکاؤنٹ نہیں ہیں، وہ نیشنل بینک کی قریبی شاخ میں اپنا اکاؤنٹ کھلوا سکیں گے۔
کریانہ مالکان کے بارے میں ڈاکٹر ثانیہ نے بتایا کہ پروگرام کے تحت حکومت کی جانب سے کریانہ مالکان کےلیئے خصوصی پیکج شامل کیا گیا ہے اور ان کوسیل پر پرکشش کمیشن بھی دیا جائے گا۔ہر سہ ماہی میں کریانہ مالکان کو کارکردگی کی بنیاد پرخصوصی انعامات گاڑیاں، موٹر سائیکل، موبائل فون اور دیگر انعامات بھی قرعہ اندازی کے ذریعے دئیے جائیں گے۔