عوام کو ریلیف دینے کے لئے وزیر اعظم عمران خان نے کمر کس لی۔ وزیر اعظم ہاوس میں بڑوں کی بڑی بیٹھک
اسلام آباد: (واصب ابراہیم غوری سے ) وزیر اعظم عمران خان نے ہدایت کی ہے کہ ضلع اور تحصیل کی سطح پر مارکیٹ کمیٹیوں کو مزید موثر بناکر عام آدمی کو زیادہ سے زیادہ ریلیف کی فراہمی کے لیے تمام ضروری اقدامات کئے جائیں۔ یہ ہدایت انہوں نے پیر کو اپنی زیر صدارت ملک میں گڈ گورننس سے متعلق اجلاس میں دی۔
وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ بین الاقوامی منڈی میں مہنگائی کے حالیہ رجحان کی وجہ سے پاکستان میں اس وقت مہنگائی کے اثرات پڑ رہے ہیں، ہم گڈ گورننس اور بہتر پرائس کنٹرول میکانزم کے ذریعے ضروری اشیاء کی قیمتوں کی موثر نگرانی کو یقینی بنانے کے لئے سخت محنت کر رہے ہیں، اس مقصد کے لئے سپلائی چین پر مناسب کنٹرول ، قیمتوں کا موثر نفاذ اور ذخیرہ اندوزی پر سخت چیک کو مزید موثر بنایا جا رہا ہے۔
وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ ضلع اور تحصیل کی سطح پر مارکیٹ کمیٹیوں کو مزید موثر بنا کر عام آدمی کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کے لئے تمام ضروری اقدامات کریں۔
قبل ازیں وزیراعظم عمران خان کو بتایا گیا کہ پی ٹی آئی کی گڈ گورننس ٹیم کی جانب سے راولپنڈی اور اسلام آباد میں کامیابی سے پائلٹ پراجیکٹ شروع کیا گیا جس کے نتیجہ میں حکومت کے جاری کردہ نرخوں پر عملدرآمد یقینی بنانے کے ذریعے اشیا ضروریہ کی قیمتوں میں خاطر خواہ کمی آئی ہے۔
وزیراعظم کو یہ بھی بتایا گیا کہ ضلع اور تحصیل کی سطح پر قیمتوں کی نگرانی کے مضبوط میکانزم کی تشکیل نو کے لئے غیر موثر مارکیٹ کمیٹیوں سے متعلق حاصل حکم امتناعی کو جلد از جلد ختم کرنے کی ضرورت ہے۔اجلاس میں مشیر خزانہ شوکت فیاض ترین، سینیٹر سیف اللہ نیازی اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔