ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ، نیوزی لینڈ نے نمیبیا کو 52 رنز سے شکست دے دی، جمی نیشم میچ کے بہترین کھلاڑی قرار
شارجہ : (عاقب ابراہیم غوری سے) آئی سی سی مینز ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے اہم میچ میں نیوزی لینڈ نے نمیبیا کو 52 رنز سے شکست دے دی، نیوزی لینڈ کا 164 رنز کے ہدف کے تعاقب میں نمیبیا کی ٹیم مقررہ اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 111 رنز بنا سکی، جمی نیشم کو شاندار آل رائونڈ کارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
جمعہ کو شارجہ میں کھیلے گئے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے اہم میچ میں نمیبیا نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 163 رنز بنائے۔ نیوزی لینڈ کے اوپنرز نے اننگز کا اچھا آغاز کیا تاہم مارٹن گپٹل 18 اور ڈیرل مچل19 رنز بنا کر آئوٹ ہوگئے۔
کپتان کین ولیمسن نے 28 رنز کی اننگز کھیلی۔ گلین فلپس اور جیمی نیشم نے آخری اوورز میں جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے سکور کو 163 تک پہنچا دیا۔ فلپس نے 21 بالوں پر 39 اور جمی نیشم نے 23 بالوں پر 35 رنز کی ناٹ آئوٹ اننگز کھیلی۔ نمیبیا کے بائولرز برنارڈ شولٹز ، ڈیوڈ ویزے اور گیرہارڈ ایراسمس نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ نیوزی لینڈ کے 164 رنز کے ہدف کے تعاقب میں نمیبیا کی ٹیم مقررہ اوورز میں
7 وکٹوں کے نقصان پر 111 رنز بنا سکی۔ اوپنرز سٹیفن بارڈ 21 اور مائیکل وان لنگن 25 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔ زانے گرین 23 اور ڈیوڈ ویزے 16 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔ نیوزی لینڈ کے ٹم سائوتھی اور ٹرینٹ بولٹ نے دو دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ مچل سینٹنر، جیمی نیشم اور اش سودھی نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔
نیوزی لینڈ کے آل رائونڈر جمی نیشم کو شاندار آل رائونڈ کارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ اس طرح نیوزی لینڈ نے اہم میچ میں نمیبیا کو 52 رنز سے شکست دے کر سیمی فائنل تک رسائی کے لئے اپنی پوزیشن بہتر بنالی۔