سیکرٹری جنگلات جنوبی پنجاب سرفراز مگسی کا ضلع رحیم یار خان کا دورہ
رحیم یار خان(شمیل مرزا سے ) سیکرٹری جنگلات جنوبی پنجاب سرفراز مگسی نے ڈپٹی کمشنر نعمان یوسف کے ہمراہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ضلع میں حکومت پنجاب کی جانب سے جاری گھر گھر کورونا ویکسین مہم (RED)، پرائس کنٹرول اور آٹا و چینی کی دستیابی و نرخوں کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب وزیر اعلیٰ سردار عثمان خان بزدار کی قیادت میں عوام کو ہر شعبہ میں ریلیف فراہمی کے اقدامات کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ عوام کو مقرر کردہ نرخوں پر اشیائے ضروریہ کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے صوبائی کابینہ اور سینئر افسران کو مختلف اضلاع میں ذمہ داریاں تفویض کی گئی ہیں تاکہ وہ مقامی انتظامیہ کے ساتھ مل کر گرانفروشی کا سدباب کریں۔انہوں نے کہا کہ ضلع میں چینی 90روپے فی کلو سے زائد فروخت نہیں ہونی چاہیے اس کے لئے اسسٹنٹ کمشنرز او رپرائس کنٹرول مجسٹریٹس متحرک کردار ادا کریں اور گرانفروشوں و ذخیرہ اندوزی میں ملوث عناصر کے خلاف مقدمات درج کرائیں۔انہوں نے اجلاس میں حکومت پنجاب کی جانب سے جاری گھر گھر کورونا ویکسین لگانے کی مہم کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ حکومت اپنے شہریوں کو اس وباء سے محفوظ رکھنے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لارہی ہے شہریوں کو چاہیے کہ وہ فوری اپنی ویکسین مکمل کرائیں۔ڈپٹی کمشنر نعمان یوسف نے بتایا کہ ضلع بھر میں اسسٹنٹ کمشنرز اور پرائس کنٹرو ل مجسٹریٹس کی کارکردگی کو مانیٹر کیا جا رہا ہے اور گرانفروشی و ذخیرہ اندوزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(ریونیو)ڈاکٹر سدرہ سلیم، اسسٹنٹ کمشنر عظمان چوہدری، کلیم یوسف، سرمد علی بھاگت، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر حسن خان، ضلعی فوکل پرسن ڈاکٹر عمران عباس، ڈسٹرکٹ منیجر پی ایچ ایف ایم سی ذیشان احمد، ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر عبدالماجد خان، ڈی او انٹر پرائزز غازی خان، ایس این اے جام محمد نعیم سمیت دیگر موجود تھے۔