وزیراعظم کا اسکولوں میں دو ہفتے کی چھٹیوں کا اعلان
یوتھ ویژن نیوز : (محمد عباس سے ) وزیراعظم شہباز شریف نے تمام اسکولوں میں دو ہفتے کی تعطیلات، سرکاری اخراجات میں کمی اور پیٹرول بچت کے متعدد اقدامات کا اعلان کر دیا۔
وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے قوم سے خطاب میں ملک بھر کے تمام اسکولوں میں دو ہفتے کی چھٹیوں کا اعلان کرتے ہوئے توانائی اور تیل کی بچت کے لیے اہم اقدامات کا اعلان کیا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ تمام اسکولوں کو رواں ہفتے کے اختتام سے دو ہفتے کی تعطیلات دی جائیں گی جبکہ اعلیٰ تعلیمی اداروں میں آن لائن کلاسز شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ تعلیمی سرگرمیاں جاری رہ سکیں۔
وزیراعظم شہباز شریف کل کفایت شعاری اور بچت پلان کا اعلان کریں گے
انہوں نے کہا کہ آئندہ دو ماہ کے لیے سرکاری محکموں کی گاڑیوں کے پیٹرول میں پچاس فیصد کمی کی جائے گی جبکہ ایمبولینس اور عوامی استعمال کی بسوں کو اس کٹوتی سے مستثنیٰ رکھا جائے گا۔ وزیراعظم کے مطابق دو ماہ کے لیے تمام سرکاری محکموں کی ساٹھ فیصد گاڑیاں بند رکھنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے تاکہ اخراجات کم کیے جا سکیں۔
انہوں نے اعلان کیا کہ وفاقی کابینہ کے ارکان، وزرا، مشیر اور معاونین خصوصی اپنی تنخواہیں نہیں لیں گے جبکہ ارکان پارلیمنٹ کی تنخواہوں میں پچیس فیصد کٹوتی کی جائے گی۔ مزید برآں گریڈ بیس اور اس سے اوپر کے سرکاری افسران جن کی تنخواہ تین لاکھ روپے سے زیادہ ہے ان کی دو دن کی تنخواہ کٹوتی کی جائے گی جو عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے استعمال کی جائے گی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ تمام سرکاری محکموں کے تنخواہوں کے علاوہ دیگر اخراجات میں بیس فیصد کمی کی جائے گی جبکہ سرکاری اداروں میں گاڑیوں، فرنیچر، ایئر کنڈیشنر اور دیگر اشیا کی خریداری پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ انہوں نے یہ بھی اعلان کیا کہ وفاقی و صوبائی وزرا، مشیران، معاونین خصوصی اور سرکاری افسران کے بیرون ملک دوروں پر پابندی ہوگی جبکہ وزرائے اعلیٰ اور گورنرز کے غیر ضروری بیرون ملک دورے بھی روک دیے جائیں گے، البتہ قومی مفاد میں انتہائی ضروری دوروں کی اجازت دی جا سکے گی۔