وزیراعظم شہباز شریف کا صدر ٹرمپ سے ایران ڈیڈ لائن میں توسیع کا مطالبہ
یوتھ ویژن نیوز : (ویب ڈسک) وزیراعظم شہباز شریف نے مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے تناظر میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ایران سے متعلق دی گئی ڈیڈ لائن میں دو ہفتے کی توسیع کا مطالبہ کر دیا ہے۔ وزیراعظم نے اپنے بیان میں ایران سے بھی آبنائے ہرمز دو ہفتوں کیلئے کھولنے کی درخواست کی تاکہ خطے میں جاری سفارتی کوششوں کو مؤثر موقع مل سکے۔
ٹرمپ سے مخلصانہ اپیل
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے پیغام میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ وہ امریکی صدر سے مخلصانہ درخواست کرتے ہیں کہ ڈیڈ لائن میں 14 دن کی توسیع کی جائے۔ ان کے مطابق اس وقفے سے سفارت کاری کو آگے بڑھانے اور جنگ کے پرامن حل کیلئے سنجیدہ پیش رفت کا امکان پیدا ہوگا۔
ایران سے آبنائے ہرمز کھولنے کی درخواست
وزیراعظم نے ایرانی قیادت کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ایرانی بھائی دو ہفتوں کیلئے آبنائے ہرمز کھول دیں تاکہ عالمی توانائی سپلائی، تجارتی سرگرمیوں اور خطے کے استحکام کو سہارا مل سکے۔ انہوں نے زور دیا کہ پاکستان سمیت کئی ممالک سفارتی سطح پر مسلسل رابطے میں ہیں اور حالات کو مذاکرات کے ذریعے بہتر بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
دو ہفتے جنگ بندی کی تجویز
شہباز شریف نے تمام متعلقہ فریقین سے اپیل کی کہ ہر محاذ پر دو ہفتوں کی جنگ بندی کی جائے تاکہ سفارتی کوششیں کامیاب ہوں اور خطے میں دیرپا امن و استحکام کی بنیاد رکھی جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہی وقت ہے کہ فریقین طاقت کے بجائے مذاکرات کو موقع دیں۔
ٹرمپ کا سخت بیان بھی سامنے آگیا
دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے حالیہ بیان میں ایران کے حوالے سے سخت زبان استعمال کرتے ہوئے کہا کہ”آج رات ایک پوری تہذیب صفحہ ہستی سے مٹ سکتی ہے “۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایران میں رجیم تبدیل ہو چکی ہے اور آج کی رات دنیا کی تاریخ کا ایک فیصلہ کن لمحہ ثابت ہو سکتی ہے۔