پاکستان کا جنگ بندی خلاف ورزیوں پر اظہارِ تشویش، فریقین سے تحمل کی اپیل
یوتھ ویژن نیوز : (ویب ڈسک)پاکستان نے ایران، امریکا اور اتحادیوں کے درمیان طے پانے والی دو ہفتے کی جنگ بندی میں مبینہ خلاف ورزیوں پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے تمام فریقین سے تحمل، ذمہ داری اور بردباری کا مظاہرہ کرنے کی اپیل کی ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ مختلف تنازع زدہ علاقوں سے جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کی اطلاعات سامنے آ رہی ہیں جو جاری امن عمل کی روح کو متاثر کر سکتی ہیں۔
امن عمل کو نقصان پہنچنے کا خدشہ
وزیراعظم نے اپنے بیان میں امریکی اور ایرانی اعلیٰ حکام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ صورتحال میں سیز فائر کے ہر نکتے کا مکمل احترام ناگزیر ہے۔ ان کے مطابق اگر خلاف ورزیاں جاری رہیں تو اسلام آباد میں متوقع سفارتی مذاکرات اور وسیع تر امن کوششوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔
تمام فریقین سے ذمہ داری کا مطالبہ
شہباز شریف نے زور دیا کہ تمام متعلقہ فریقین طے شدہ دو ہفتوں کی جنگ بندی پر مکمل عملدرآمد یقینی بنائیں تاکہ سفارت کاری کو آگے بڑھنے کا موقع مل سکے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں اشتعال انگیزی سے گریز اور تحمل ہی خطے کو مزید تباہی سے بچا سکتا ہے۔
مذاکرات کو موقع دینا ہی واحد راستہ
وزیراعظم نے مزید کہا کہ سفارت کاری کو موقع دینا ہی دیرپا امن کی بنیاد بن سکتا ہے۔ ان کے مطابق اگر فریقین نے بردباری کا مظاہرہ کیا تو اسلام آباد مذاکرات خطے میں ایک بڑے سفارتی بریک تھرو کی صورت اختیار کر سکتے ہیں۔
اسلام آباد مذاکرات کی اہمیت بڑھ گئی
تجزیہ کاروں کے مطابق جنگ بندی خلاف ورزیوں کی خبریں ایسے وقت میں سامنے آئی ہیں جب 10 اپریل سے اسلام آباد میں ایران امریکا مذاکرات متوقع ہیں، اس لیے پاکستان کی یہ اپیل آئندہ سفارتی عمل کیلئے انتہائی اہم سمجھی جا رہی ہے۔