وزیر اعظم کی ہدایت، خیبر پختونخوا میں وفاقی ترقیاتی منصوبوں کی نگرانی کے لیے کمیٹی تشکیل
وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے خیبر پختونخوا میں وفاق کے زیر اہتمام ترقیاتی منصوبوں کی نگرانی کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دی ہے جس کی سربراہی وفاقی وزیر احسن اقبال کریں گے
یوتھ ویژن نیوز : (محمد عباس سے) وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے خیبر پختونخوا میں وفاق کے زیر اہتمام ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل اور عوامی مسائل کے حل کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دی ہے۔ یہ کمیٹی وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال کی سربراہی میں کام کرے گی اور پشاور کا دورہ کر کے عوامی نمائندگان سے ملاقات کرے گی تاکہ منصوبوں کی پیش رفت کا جائزہ لیا جا سکے۔
وزیراعظم سے صوبہ خیبر پختونخوا سے تعلق رکھنے والے عوامی نمائندگان نے اسلام آباد میں ملاقات کی۔ اس دوران صوبے کی مجموعی سیاسی صورتحال اور عوام کو درپیش مسائل پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں عوامی فلاح، ترقیاتی منصوبوں، گورننس اور تعلیمی و صحت کے شعبے شامل تھے۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ وفاقی حکومت خیبر پختونخوا کے عوام کے مسائل کو مکمل طور پر سمجھتی ہے اور اپنے دائرہ اختیار کے مطابق ان کے پائیدار حل کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے وضاحت کی کہ جاری ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل وفاق کی ترجیحات میں شامل ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ کچھ عرصہ پہلے ہری پور میں خیبر پختونخوا کے طلباء و طالبات میں میرٹ پر لیپ ٹاپ تقسیم کیے گئے۔ انہوں نے اس موقع پر کہا کہ یہی نوجوان پاکستان کا مستقبل ہیں اور حکومت نوجوانوں کے لیے آئندہ بھی میرٹ پر لیپ ٹاپ دینے کی پالیسی جاری رکھے گی تاکہ وہ ملکی ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کر سکیں۔
وفاقی نمائندگان نے اس موقع پر صوبائی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا کی موجودہ حکومت ناکام ہو چکی ہے اور عوامی مسائل پر اس کی توجہ نہ ہونے کے برابر ہے۔ انہوں نے بتایا کہ صوبائی حکومت کے پاس صحت، تعلیم، انفراسٹرکچر اور عوامی فلاح کے حوالے سے کوئی واضح پالیسی موجود نہیں۔
وزیراعظم نے عوامی نمائندگان پر زور دیا کہ وہ عوامی مسائل کے حل کو اپنی اولین ترجیح بنائیں اور منصوبوں کی نگرانی کو یقینی بنائیں تاکہ خیبر پختونخوا کے عوام کو فوری ریلیف مل سکے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے کیے جانے والے اقدامات میں شفافیت، میرٹ اور مقامی کمیونٹی کی شمولیت کو اولین ترجیح دی جائے گی۔