چیف آف ڈیفنس فورسز کا نوٹیفکیشن—حکومت نے عمل شروع کر دیا، خواجہ آصف
یوتھ ویژن نیوز : (ثاقب ابراہیم سے) خواجہ آصف نے کہا کہ چیف آف ڈیفنس فورسز کے نوٹیفکیشن کا عمل شروع ہوچکا ہے، وزیراعظم کی واپسی پر جاری ہوگا۔ 27ویں آئینی ترمیم سے نیا عہدہ نافذ ہوا۔
وفاقی حکومت نے چیف آف ڈیفنس فورسز کے نوٹیفکیشن کے حوالے سے اپنا مؤقف واضح کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ تعیناتی کا عمل باضابطہ طور پر شروع کر دیا گیا ہے اور نوٹیفکیشن اپنے مقررہ وقت پر جاری ہوگا۔ وزیر دفاع خواجہ آصف نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ سی ڈی ایف کے نوٹیفکیشن کے بارے میں غیر ضروری قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں، جب کہ اس معاملے پر مزید اندازوں کی کوئی گنجائش موجود نہیں رہتی۔
انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف جلد وطن واپس پہنچ رہے ہیں اور اُن کی واپسی پر یہ اہم نوٹیفکیشن جاری کر دیا جائے گا۔ دوسری جانب حکومتی وزراء نے اس معاملے پر پی ٹی آئی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ وزیر اطلاعات طلال تارڑ نے کہا کہ پی ٹی آئی کے زیادہ تر سوشل میڈیا اکاؤنٹس بیرونِ ملک، خاص طور پر افغانستان اور بھارت سے چلائے جا رہے ہیں، جو ملک دشمن عناصر سے مبینہ روابط کو ظاہر کرتا ہے۔ وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی ریاستی اداروں کو نشانہ بنا کر سیاسی فائدہ حاصل کرنا چاہتی ہے، جبکہ ٹی ٹی پی، بھارت اور پی ٹی آئی کے بیانیے کا نشانہ بیک وقت پاکستان بنتا ہے۔ انہوں نے 27ویں آئینی ترمیم کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ اس کے تحت چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کا عہدہ ختم کرکے چیف آف ڈیفنس فورسز کا نیا اسٹرکچر قائم کیا گیا ہے، جس پر بری فوج کا سربراہ فائز ہوگا اور یہی عہدہ مستقبل میں آرمی چیف کا نیا نام تصور ہوگا۔ ترمیم کے مطابق جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کی ذمہ داریاں بھی اسی عہدے میں شامل ہو جائیں گی۔
واضح رہے کہ صدر آصف علی زرداری نے 13 نومبر کو 27ویں آئینی ترمیم پر دستخط کرکے اسے آئین کا حصہ بنایا تھا جس کے بعد افواجِ پاکستان اور عدلیہ کے انتظامی ڈھانچے میں اہم تبدیلیاں نافذ ہوئیں۔ ترمیم کے بعد چیئرمین جوائنٹ چیفس اور آرمی چیف کے عہدے ختم کر کے چیف آف ڈیفنس فورسز کا منفرد عہدہ قائم کیا گیا ہے جبکہ فیلڈ مارشل کے عہدے اور مراعات کو بھی آئینی حیثیت دے دی گئی ہے۔ مئی 2025 کی پاک بھارت جنگ میں تاریخی کامیابی کے بعد جنرل سید عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی دی گئی تھی۔ ترمیم کے تحت تینوں مسلح افواج کے سربراہان کی مدتِ ملازمت بڑھا کر 5 برس کر دی گئی ہے اور چیف آف ڈیفنس فورسز کی مدت بھی نوٹیفکیشن کے اجرا سے 5 برس ہوگی۔ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نومبر 2030 تک چیف آف ڈیفنس فورسز کے منصب پر فائز رہیں گے، جبکہ ان کا فیلڈ مارشل کا عہدہ تاحیات برقرار رہے گا۔