پی ٹی وی کی 61ویں سالگرہ :چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی کا ملتان سینٹر کو خطے کی شناخت بنانے کا اعلان

“چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی پی ٹی وی کی 61ویں سالگرہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے”

یوتھ ویژن نیوز:(خصؤصی رپورٹ برائے اُمِ ہانی سے) پاکستان ٹیلی ویژن کی 61ویں سالگرہ کے موقع پر پی ٹی وی ملتان میں منعقدہ پروقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پاکستان ٹیلی ویژن محض اطلاعات و تفریح کا ادارہ نہیں بلکہ یہ ملک کے مختلف خطوں کی ثقافت، زبان، موسیقی اور ادب کا اصل امین ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ پی ٹی وی ملتان سینٹر کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کر کے جنوبی پنجاب کی ثقافتی شناخت کو عالمی سطح پر مزید مؤثر انداز میں اجاگر کیا جائے گا۔

یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ ملتان سینٹر کا قیام خطے کی تہذیب، سرائیکی زبان، ادبی ورثے اور علاقائی موسیقی کو قومی پلیٹ فارم دینے کی بنیاد بنا، یہی وجہ ہے کہ بطور وزیراعظم انہوں نے 2011 میں اس سینٹر کا افتتاح کیا تاکہ نئے فنکاروں، شعرا، موسیقاروں اور ادیبوں کو آگے بڑھنے کے مواقع مل سکیں۔

مزید یہ بھی پڑھیں : پاکستان کی ترقی کا مرکز چھوٹے شہر اور پسماندہ علاقے ہیں، یوسف رضا گیلانی

اپنے خطاب میں انہوں نے پی ٹی وی کے سنہری دور کے ڈراموں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان پروگراموں کو نہ صرف ملک بھر بلکہ بھارت سمیت دیگر ممالک میں بھی بے حد پسند کیا جاتا تھا، جب کہ جیلوں میں قیدی پی ٹی وی کے ڈراموں کا بے چینی سے انتظار کرتے تھے کیونکہ یہ ان کے لیے امید اور حوصلے کا ذریعہ بنتے تھے۔

چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی پی ٹی وی کی 61ویں سالگرہ کی تقریب سے خطاب
چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کا پی ٹی وی کی 61ویں سالگرہ کے موقع پر کیک کاٹ رہیں ہیں

یوسف رضا گیلانی نے بتایا کہ اپنے حالیہ دورہ آذربائیجان میں صدر مملکت نے انہیں 700 سال قدیم “ملتان کاروان سرائے” کے تحفظ کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ اس تاریخی ورثے کا نام ملتان سے ان کی نسبت کی وجہ سے برقرار رکھا گیا ہے۔ انہوں نے تجویز دی کہ تاریخی اہمیت کے حامل عالمی شہروں کو “سسٹر سٹیز” قرار دے کر ثقافتی سفارت کاری کو فروغ دینا چاہیے۔

یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پی ٹی وی جیسے ادارے نرم طاقت، ثقافتی شناخت اور قومی بیانیے کو مستحکم بنانے میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں اور اس لیے ان کی ترقی کے لیے ہر ممکن اقدامات ناگزیر ہیں۔ تقریب میں ڈائریکٹر پروگرام سیف الدین، جی ایم پی ٹی وی ملتان شفقت عباس ملک، ثریا ملتانی، ملک حیدر عثمان، شاکر حسین شاکر، شعرا، ادیب، صحافی اور شہر کی معزز شخصیات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں