فیلڈ مارشل عاصم منیر سے سعودی چیف آف جنرل اسٹاف کی ملاقات، دفاعی تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق

“فیلڈ مارشل عاصم منیر اور سعودی چیف آف جنرل اسٹاف جی ایچ کیو میں ملاقات کرتے ہوئے”

یوتھ ویژن نیوز: (ثاقب ابراہیم سے) فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے سعودی عرب کی مسلح افواج کے چیف آف جنرل اسٹاف جنرل فیاض بن حمید الرویلی نے جی ایچ کیو راولپنڈی میں ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک فوجی تعاون کو مزید مضبوط بنانے اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں دفاعی شراکت داری، سیکورٹی تعاون، انسدادِ دہشتگردی کی مشترکہ کوششوں اور خطے میں امن و استحکام کے فروغ پر بات چیت کی گئی۔

مزید پڑھیں : فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قاہرہ میں مصری صدر السیسی سے ملاقات

معزز مہمان نے پاکستان کی جانب سے سعودی مسلح افواج کے ساتھ مختلف شعبوں میں جاری تعاون کی تعریف کی اور دونوں ممالک کی افواج کے مابین تعاون کو مزید بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تاریخی اور دفاعی تعلقات خطے میں امن کا اہم ستون ہیں۔

ملاقات سے قبل جنرل فیاض بن حمید الرویلی نے یادگارِ شہداء پر حاضری دی، پھول رکھے اور شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ جی ایچ کیو آمد پر پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے معزز مہمان کو گارڈ آف آنر پیش کیا، جس سے دونوں ممالک کے گہرے دفاعی تعلقات کی اہمیت مزید اجاگر ہوئی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں