وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کالعدم ٹی ایل پی پر پابندی کی باضابطہ توثیق کر دی
یوتھ ویژن نیوز :(واصب ابراہیم غوری سے) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کے اجلاس میں اہم فیصلے کیے گئے جن میں سب سے نمایاں کالعدم تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) پر عائد پابندی کی باضابطہ توثیق تھی۔
اجلاس کے دوران وزیراعلیٰ مریم نواز نے واضح پیغام دیا کہ پنجاب میں انتہاپسندی اور عدم برداشت کے لیے کوئی گنجائش نہیں، ریاست اپنی رٹ کے قیام اور امن کے فروغ کے لیے ہر ممکن قدم اٹھائے گی۔ ذرائع کے مطابق کابینہ نے اتفاقِ رائے سے اس فیصلے کی منظوری دی اور کہا کہ قانون شکنی اور شدت پسندی کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی جاری رکھی جائے گی۔ اجلاس میں صوبے کے دیگر اہم عوامی و ترقیاتی منصوبوں پر بھی فیصلے کیے گئے۔ پنجاب حکومت نے ملتان، راولپنڈی اور لاہور میں الیکٹرانک بسوں کے کرایوں میں اضافے کی تجویز کو مسترد کرتے ہوئے عوامی سہولت کو ترجیح دینے کا اعلان کیا۔ مریم نواز نے کہا کہ مہنگائی کے دور میں عوام پر مزید بوجھ ڈالنا کسی صورت قابلِ قبول نہیں، حکومت شہری سہولتوں کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ عوامی ریلیف فراہم کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔
مزید یہ بھی پڑھیں : وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے تاریخی اقدامات
اجلاس میں پنجاب پروٹیکشن آف اونرشپ آف اموویبل پراپرٹی آرڈیننس 2025ء کی منظوری دی گئی تاکہ زمینوں کے ملکیتی تنازعات کا تیز رفتار حل ممکن بنایا جا سکے۔ اس کے ساتھ ہی لاہور-راولپنڈی ہائی اسپیڈ ریل منصوبے کے لیے مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) کی منظوری بھی دی گئی، جس سے صوبے میں تیز رفتار سفری نظام کے ایک نئے دور کا آغاز متوقع ہے۔ کابینہ نے اسکول ٹیچرز انٹرن کی بھرتی کی بھی منظوری دی تاکہ سرکاری اسکولوں میں تدریسی عمل کو بہتر بنایا جا سکے۔ اس کے علاوہ، ہائی ٹیک فارم میکنائزیشن فنانس پروگرام کے تحت کسانوں کو جدید زرعی آلات 60 فیصد سبسڈی پر فراہم کرنے کی منظوری بھی دی گئی۔ اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ پروگرام کے لیے اب تک 10 ہزار سے زائد درخواستیں موصول ہو چکی ہیں اور سپر سیڈر سمیت جدید زرعی مشینری کسانوں تک پہنچائی جا رہی ہے۔ حکومت نے کسان کارڈ فیز 2 کے تحت 100 ارب روپے کے فنڈز مختص کیے ہیں، جبکہ پچھلے فیز میں 70 ارب روپے کی ریکارڈ ریکوری کی گئی۔ کسان کارڈ کے تحت قرض کی واپسی پر 24 گھنٹے کے اندر نئے فیز کے پیسے جاری کیے جاتے ہیں تاکہ مالی عمل میں شفافیت اور تیزی برقرار رہے۔ کابینہ نے لاہور سے راولپنڈی تک ہائی اسپیڈ ریل کے ایم او یو کی منظوری کے ساتھ ایئر پنجاب پرائیویٹ لمیٹڈ کے قیام کی بھی منظوری دی جو صوبے میں سفری اور تجارتی سہولتوں کو مزید وسعت دے گی۔
اجلاس میں وزیراعظم کی کیش لیس اسٹریٹیجی کے تحت ریٹیلرز کے لیے کیو آر کوڈ نظام کی بھی منظوری دی گئی جس سے ڈیجیٹل معیشت کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔ مریم نواز نے اس موقع پر “محراب محفوظ روشن پنجاب پروگرام” کی منظوری دیتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ عوامی تحفظ اور امن کے فروغ میں سنگ میل ثابت ہوگا۔ کابینہ نے مصر کے ساتھ زرعی اشتراکِ کار کے لیے ایم او یو کی منظوری بھی دی تاکہ بین الاقوامی سطح پر زرعی تعاون کو وسعت دی جا سکے۔ اجلاس میں پنجاب سینٹر آف ایکسیلنس برائے انسدادِ تشدد و انتہا پسندی کے بورڈ آف گورنرز کی تشکیل کی منظوری دی گئی، جس کے ذریعے صوبے میں علمی و تحقیقی بنیادوں پر شدت پسندی کے خلاف اقدامات کیے جائیں گے۔ مزید برآں، ٹریفک جرمانہ اور پوائنٹ سسٹم کی مجوزہ سمری بھی منظور کر لی گئی تاکہ صوبے میں ٹریفک نظم و ضبط کو مؤثر بنایا جا سکے۔ نیشنل بینک پارک میں میوزیم اور یادگار کی تعمیر کے لیے فنڈز کی منظوری دی گئی، ساتھ ہی میوزیم کی بحالی، بہتری اور اپ گریڈیشن کے لیے ماسٹر پلان کی منظوری بھی دی گئی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے اجلاس کے اختتام پر کہا کہ پنجاب ترقی، برداشت اور قانون کی بالادستی کے راستے پر گامزن ہے، اور انتہاپسندی کے خلاف یہ فیصلے صوبے کے روشن مستقبل کی ضمانت ہیں۔