بہاولپور میں ڈینگی پر زیرو ٹالرنس پالیسی، آئس فیکٹری پر ایس او پیز کی خلاف ورزی پر جرمانہ عائد

ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹیbahawalpur-dengue-zero-tolerance-policy

یوتھ ویژن نیوز:(نمائدہ خصوصی سیف الرحمن سے) چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹر عامر بشیر نے کہا ہے کہ ضلعی انتظامیہ نے ڈینگی کے پھیلاؤ پر مکمل قابو پانے کے لیے زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی ہے، اور کسی بھی سطح پر غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

انہوں نے انسدادِ ڈینگی مہم کے سلسلے میں بہاولپور کی ایک آئس فیکٹری کا اچانک دورہ کیا، جہاں ڈینگی ایس او پیز کی خلاف ورزی پائے جانے پر فیکٹری مالک کو موقع پر جرمانہ عائد کر دیا گیا۔ ڈاکٹر عامر بشیر نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تمام صنعتی و تجارتی ادارے ڈینگی لاروا کی افزائش روکنے کے لیے احتیاطی تدابیر پر مکمل عمل درآمد کو یقینی بنائیں، کیونکہ معمولی لاپروائی بھی وبا کے پھیلاؤ کا سبب بن سکتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ موسم کی تبدیلی کے ساتھ ڈینگی کے کیسز میں اضافہ سامنے آ رہا ہے، جس کے پیش نظر فیلڈ ٹیموں کو متحرک کر دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی مشتبہ مقام پر فوری کارروائی کی جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ضلعی سطح پر ڈینگی سرویلنس کو مزید مؤثر بنایا جا رہا ہے اور حساس مقامات پر لاروا کی ممکنہ افزائش روکنے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اسپرے مہم شروع کرنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ متعلقہ محکمے اپنی فیلڈ رپورٹس روزانہ کی بنیاد پر جمع کرائیں اور کسی بھی شکایت کی صورت میں فوری کارروائی کو یقینی بنائیں۔ ڈاکٹر عامر بشیر نے کہا کہ عوامی صحت کے تحفظ کے لیے انتظامیہ کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کرے گی۔ اس موقع پر ڈی ایچ او پبلک ہیلتھ ڈاکٹر رانا ارشد نے بھی مختلف علاقوں میں ڈینگی سے متعلق ٹیموں کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا اور ہدایت کی کہ تمام ٹیمیں اپنے فیلڈ ورک میں مزید فعال کردار ادا کریں۔

انہوں نے کہا کہ شہریوں میں ڈینگی سے بچاؤ کی آگاہی کے لیے خصوصی مہم بھی جاری ہے، جس کے تحت تعلیمی اداروں، مارکیٹوں اور رہائشی علاقوں میں معلوماتی سیشنز منعقد کیے جا رہے ہیں تاکہ لوگ اپنے گھروں اور دفاتر میں صفائی ستھرائی کو یقینی بنائیں۔ ڈاکٹر رانا ارشد نے کہا کہ عوام الناس کو چاہیے کہ اپنے گھروں، دفاتر اور اردگرد کے علاقوں میں پانی جمع نہ ہونے دیں، خاص طور پر ٹائروں، ٹینکوں، گملوں اور برتنوں کو ڈھانپ کر رکھیں، کیونکہ یہی وہ جگہیں ہیں جہاں ڈینگی لاروا پیدا ہوتا ہے۔ انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ اگر کسی مقام پر ڈینگی کی علامات یا لاروا کی موجودگی کا شبہ ہو تو فوری طور پر محکمہ صحت کو اطلاع دیں تاکہ بروقت کارروائی کی جا سکے۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر عامر بشیر نے کہا کہ ہسپتالوں میں ڈینگی کے مریضوں کے لیے خصوصی وارڈز قائم کر دیے گئے ہیں جہاں تربیت یافتہ عملہ چوبیس گھنٹے خدمات انجام دے رہا ہے، مریضوں کے لیے ادویات کی فراہمی اور بہترین دیکھ بھال کو یقینی بنایا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ احتیاطی تدابیر ہی ڈینگی سے بچاؤ کا سب سے مؤثر طریقہ ہیں، اس لیے عوام اپنے طرزِ زندگی میں صفائی اور احتیاط کو معمول بنائیں۔

انہوں نے کہا کہ ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی عوامی آگاہی مہم کو مزید وسعت دے رہی ہے تاکہ شہریوں کو بروقت معلومات فراہم کی جا سکیں۔ ڈاکٹر عامر بشیر نے واضح کیا کہ انتظامیہ ڈینگی کے مکمل خاتمے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے، اور عوام کے تعاون کے بغیر یہ جنگ جیتی نہیں جا سکتی۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ڈینگی کنٹرول روم فعال کر دیا گیا ہے جو چوبیس گھنٹے شکایات وصول کر رہا ہے، اور تمام محکمے مشترکہ حکمتِ عملی کے تحت سرگرم عمل ہیں۔ ڈاکٹر عامر بشیر نے کہا کہ عوامی صحت کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے اور ڈینگی کے خلاف اس جنگ میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں