وزیراعظم شہباز شریف کا بڑا اعلان ! 5 لاکھ گھریلو صارفین کے لیے گیس کنکشنز بحال کرنے کا حکم

وزیراعظم شہباز شریف اسلام آباد میں آر ایل این جی گھریلو کنکشنز کے اجرا کی تقریب میں خطاب کر رہے ہیں جہاں انہوں نے ملک بھر میں گیس کنکشنز کھولنے کا اعلان کیا۔

یوتھ ویژن نیوز: (نمائندہ خصوصی امجد محمود بھٹی سے) وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے ملک بھر کے گھریلو صارفین کے لیے گیس کنکشنز کھولنے کا باضابطہ اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ آر ایل این جی (ری گیسیفائیڈ لیکویفائیڈ نیچرل گیس) کے ذریعے عوام کو معیاری اور محفوظ ایندھن کی فراہمی ممکن بنائی جا رہی ہے۔

اسلام آباد میں منعقدہ ایک خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ لاکھوں شہری کئی سالوں سے گیس کنکشن کے منتظر تھے، لیکن اب حکومت نے توانائی کے اس بڑے عوامی مسئلے کو حل کر کے ایک نئی تاریخ رقم کی ہے۔ تقریب میں نائب وزیر اعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزرائے توانائی و اطلاعات، ارکانِ اسمبلی، ایس این جی پی ایل کے اعلیٰ حکام اور سرکاری نمائندگان نے بھی شرکت کی۔ شہباز شریف نے کہا کہ 2022 میں جب حکومت نے اقتدار سنبھالا تو گیس سپلائی اور ڈیمانڈ کے درمیان ایک بڑا فرق موجود تھا، پائپ لائنز بچھ جانے کے باوجود ایندھن کی فراہمی ممکن نہیں تھی کیونکہ ملک میں گیس کی قلت انتہا کو پہنچ چکی تھی۔

مزید یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم شہباز شریف کا پاکستان اور جنوبی افریقہ کی ٹیموں کے اعزاز میں عشائیہ

انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت نے اس چیلنج کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لیے عملی اقدامات کیے اور آج آر ایل این جی کے ذریعے گھریلو صارفین کو معیاری ایندھن کی فراہمی ممکن ہو رہی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ یہ کامیابی سابق وزیراعظم نواز شریف کی عوامی خدمت کے وژن کا تسلسل ہے، جنہوں نے 2013 میں اقتدار سنبھالنے کے بعد ملک کو 18 سے 20 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کے عذاب سے نجات دلائی تھی۔ شہباز شریف نے کہا کہ مسلم لیگ (ن)، پیپلز پارٹی، ایم کیو ایم اور دیگر اتحادی جماعتوں پر مشتمل پی ڈی ایم حکومت نے اجتماعی کوششوں کے ذریعے گیس بحران پر قابو پایا ہے، جس پر وہ تمام اسٹیک ہولڈرز کو مبارک باد پیش کرتے ہیں۔

وزیرِ اعظم نے کہا کہ پاکستان کی ترقی کے لیے ہمیں دن رات محنت کرنا ہوگی اور توانائی کے شعبے کو ملکی معیشت کی بنیاد بنانا ہوگا۔ تقریب کے دوران انہوں نے آر ایل این جی کنکشنز کے اجرا کی یادگاری تختی کی نقاب کشائی بھی کی۔ اس موقع پر وفاقی وزیر توانائی و پیٹرولیم ڈویژن علی پرویز ملک نے کہا کہ حکومت نے وزیرِ اعظم کی ہدایت پر قطر سمیت دیگر ممالک کے ساتھ شراکت داری کے ذریعے توانائی کے بحران کے مستقل حل پر توجہ دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2026 تک مقامی ایندھن کے نئے کنوئیں فعال کیے جائیں گے تاکہ عوام کو سستا اور ماحول دوست ایندھن فراہم کیا جا سکے۔

وفاقی وزیر نے بتایا کہ اب گھروں میں گیس سلنڈر رکھنے کی ضرورت نہیں رہے گی کیونکہ آر ایل این جی محفوظ، کم لاگت اور مؤثر ایندھن ہے۔ ان کے مطابق صرف ایک سال میں ایس این جی پی ایل نے 29 ارب روپے منافع حاصل کیا ہے اور لائن لاسز کم ہو کر 4.93 فیصد تک آ گئے ہیں، جو ادارے کی کارکردگی میں بہتری کی علامت ہے۔ علی پرویز ملک نے کہا کہ پاکستان کے توانائی شعبے میں بہتری لانے کے لیے جامع اصلاحات پر عمل جاری ہے، اور یہ اقدام ملک کی صنعتی ترقی اور عوامی سہولت دونوں کے لیے سنگ میل ثابت ہوگا۔ وزیراعظم نے کہا کہ موجودہ حکومت کا ہدف صرف بحرانوں سے نکلنا نہیں بلکہ توانائی کے وسائل میں خودکفالت حاصل کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آر ایل این جی کنکشنز کے آغاز سے لاکھوں خاندانوں کو فائدہ پہنچے گا اور پاکستان میں معاشی سرگرمیاں بھی تیز ہوں گی۔ تقریب کے اختتام پر وزیراعظم نے حکومت کے عزم کو دہراتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو روشن، محفوظ اور خوشحال بنانے کے لیے تمام شعبوں میں تسلسل کے ساتھ اصلاحات جاری رہیں گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں