پاکستان کی فضائی صنعت میں تاریخی سنگِ میل، پی آئی اے کی اسلام آباد سے مانچسٹر براہِ راست پروازوں کا آغاز
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی علی رضا ابراہیم غوری سے) پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) نے اسلام آباد سے مانچسٹر تک براہِ راست پروازوں کا باضابطہ آغاز کر دیا، جو حکومتِ پاکستان کی فضائی شعبے میں ایک بڑی کامیابی اور قومی اداروں کی بحالی کی سمت ایک تاریخی پیش رفت ہے۔
پی آئی اے نے اسلام آباد سے مانچسٹر تک براہِ راست پروازوں کا آغاز کر دیا، وزیر دفاع خواجہ آصف نے افتتاح کیا، پاکستان اور برطانیہ کے تعلقات میں نیا باب کھل گیا۔
اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر منعقدہ افتتاحی تقریب میں وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے پرواز کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر برطانیہ کی ہائی کمشنر جین میریٹ، سیکرٹری دفاع جنرل (ر) محمد علی، ڈائریکٹر جنرل سول ایوی ایشن اتھارٹی نادر شفیع ڈار، اور ایوی ایشن و دفاع کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر دفاع نے کہا کہ اسلام آباد تا مانچسٹر براہِ راست پرواز کا آغاز حکومت کی جانب سے قومی اداروں کی بہتری، عوامی سہولتوں میں وسعت، اور پاکستان کے عالمی تشخص کی بحالی کی علامت ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ اقدام پاکستان اور برطانیہ کے درمیان تعلقات کے ایک نئے دور کا آغاز ثابت ہوگا، خصوصاً برطانیہ میں مقیم پاکستانی برادری کے لیے یہ پروازیں بڑی آسانی اور سہولت فراہم کریں گی۔ خواجہ آصف نے اس موقع پر سول ایوی ایشن اتھارٹی، پی آئی اے کی انتظامیہ، اور متعلقہ اداروں کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی پیشہ ورانہ محنت اور لگن سے قومی ایئرلائن ایک بار پھر ترقی کی راہ پر گامزن ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کے پیچھے حکومت کی مؤثر حکمتِ عملی اور ادارہ جاتی تعاون کارفرما ہے۔
مزید یہ بھی پڑھیں : وزیرِ اعظم شہباز شریف کی پی آئی اے کی اسلام آباد تا مانچسٹر براہِ راست پروازوں کے آغاز پر قوم کو مبارکباد
وزیر دفاع نے کہا کہ ماضی میں پی آئی اے کو پابندیوں اور انتظامی مسائل کے باعث چیلنجز کا سامنا رہا، مگر موجودہ حکومت نے سنجیدہ اصلاحات اور بہتر پالیسیوں کے ذریعے قومی ایئرلائن کو مستحکم بنیادوں پر استوار کرنے کا عمل تیز کر دیا ہے۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ پی آئی اے کی براہِ راست پروازیں نہ صرف سفری وقت کو کم کریں گی بلکہ تجارتی، سیاحتی اور ثقافتی روابط کو بھی فروغ دیں گی۔ خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستان کی فضائی صنعت عالمی معیار سے ہم آہنگ ہو رہی ہے اور جلد مزید بین الاقوامی روٹس پر براہِ راست پروازیں شروع کی جائیں گی۔ برطانیہ کی ہائی کمشنر جین میریٹ نے تقریب میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مانچسٹر اور اسلام آباد کے درمیان براہِ راست پروازوں سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مزید مضبوط ہوں گے اور عوامی روابط میں اضافہ ہوگا۔ انہوں نے پاکستان کے ایوی ایشن سیکٹر میں جاری اصلاحات کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ پیش رفت دونوں ممالک کے درمیان کاروبار اور سیاحت کے مواقع بڑھائے گی۔
ڈی جی سی اے اے نادر شفیع ڈار نے کہا کہ سول ایوی ایشن اتھارٹی پاکستان کی فضائی حدود میں بین الاقوامی معیار کی سروسز کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ پروازیں پاکستان کے سفری اور تجارتی نیٹ ورک میں ایک نئی روح پھونکیں گی۔ اس موقع پر وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ اور دیگر وزراء نے بھی پی آئی اے کے عملے کو مبارکباد پیش کی۔ تقریب کے شرکاء نے اس پیش رفت کو قومی ایئرلائن کے لیے ایک نیا سنگ میل قرار دیا۔ حکومتی ذرائع کے مطابق اسلام آباد تا مانچسٹر پرواز ہر ہفتے تین بار چلائی جائے گی، جس سے برطانیہ میں مقیم تقریباً 14 لاکھ پاکستانی براہِ راست مستفید ہوں گے۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ نہ صرف اقتصادی روابط کے فروغ بلکہ پاکستان کے عالمی تشخص کے احیاء کی جانب ایک مثبت قدم ہے۔