پاکستان کی جانب سے غزہ پر اسرائیلی حملوں کی شدید مذمت، ترجمان دفترِ خارجہ

pakistan gaza

یوتھ ویژن نیوز: (مس کنول فرید سے) پاکستان نے غزہ میں اسرائیلی افواج کی تازہ کارروائیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے انہیں بین الاقوامی قوانین، انسانی اقدار اور حالیہ امن معاہدے کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔ دفترِ خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں بڑی تعداد میں بے گناہ فلسطینی شہری، جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں، جاں بحق ہوئے۔ بیان کے مطابق یہ حملے شرم الشیخ میں مسلم اور عرب ممالک، امریکا، یورپ اور اقوام متحدہ کی قیادت کی موجودگی میں طے پانے والے جنگ بندی معاہدے کی روح کے منافی ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ کا مؤقف: شرم الشیخ معاہدے کی خلاف ورزی

ترجمان دفترِ خارجہ نے کہا کہ پاکستان عالمی برادری سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ فوری اور مؤثر اقدامات کرے تاکہ ان خلاف ورزیوں کا سلسلہ بند ہو اور غزہ میں جنگ بندی کے مکمل نفاذ کو یقینی بنایا جائے۔ ترجمان کے مطابق، ”انسانیت کے خلاف ایسے اقدامات کسی بھی مہذب معاشرے کے لیے ناقابلِ قبول ہیں، عالمی برادری کو فلسطینی عوام کے تحفظ کے لیے فوری کردار ادا کرنا چاہیے۔“

ترجمان دفتر خارجہ کا عالمی برادری سے فوری اقدامات کا مطالبہ

بیان میں مزید کہا گیا کہ پاکستان ہمیشہ سے فلسطینی عوام کے حقِ خودارادیت اور ان کی جدوجہدِ آزادی کی غیر متزلزل حمایت کرتا آیا ہے۔ ترجمان نے زور دیا کہ اسرائیلی جارحیت کا فوری خاتمہ کیا جائے اور مشرقِ وسطیٰ میں امن کے لیے تمام فریقین اقوام متحدہ کی قراردادوں پر مکمل عمل درآمد کریں۔ پاکستان نے اپنے دیرینہ مؤقف کو دہراتے ہوئے کہا کہ مسئلہ فلسطین کا واحد حل اقوام متحدہ کی قراردادوں اور 1967 سے قبل کی سرحدوں کے مطابق القدس الشریف کو دارالحکومت بنا کر ایک آزاد اور خودمختار فلسطینی ریاست کے قیام میں ہے۔

فلسطینی عوام کے ساتھ غیر متزلزل یکجہتی کا اظہار

بیان میں عالمی طاقتوں، بالخصوص امریکا، یورپی یونین اور اسلامی تعاون تنظیم (OIC) سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ اسرائیلی جارحیت روکنے، انسانی امداد کی فراہمی اور شہریوں کے تحفظ کے لیے ہنگامی اقدامات کریں۔ ترجمان نے کہا کہ “غزہ میں جاری ظلم و بربریت نہ صرف انسانی ضمیر کے لیے چیلنج ہے بلکہ یہ خطے کے امن و استحکام کے لیے بھی سنگین خطرہ بن چکا ہے۔”

اپنا تبصرہ بھیجیں