چار دن کی جنگ میں پاکستان کی عظیم فتح -”بھارت کبھی اس شکست کو فراموش نہیں کر سکتا“، وزیراعظم شہباز شریف

یوتھ ویژن نیوز: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ اللہ کے فضل و کرم سے چار دن کی جنگ میں پاکستان نے ایک عظیم اور تاریخی فتح حاصل کی، جسے بھارت قیامت تک فراموش نہیں کر سکے گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج نے اپنی بہادری، نظم و ضبط اور حب الوطنی کی مثال قائم کرتے ہوئے دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا۔ وزیراعظم نے یہ بات رکن قومی اسمبلی افتخار نذیر کے گھر آمد کے موقع پر سیاسی رہنماؤں سے ملاقات کے دوران کہی۔ انہوں نے کہا کہ یہ فتح نہ صرف عسکری لحاظ سے بلکہ قومی وحدت کے اعتبار سے بھی پاکستان کی تاریخ میں سنہری حروف سے لکھی جائے گی۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ تینوں افواج نے فیلڈ مارشل کی قیادت میں جنگ کو فرنٹ سے لیڈ کیا اور دشمن کے خلاف وہ کارنامے انجام دیے جن پر آج بھی پوری قوم کو فخر ہے۔ ان کے مطابق بھارت آج بھی اس شکست کے صدمے سے باہر نہیں آ سکا اور قیامت تک نہیں بھول پائے گا کہ پاکستان نے مختصر مگر فیصلہ کن جنگ میں کیسے دشمن کے ناپاک ارادوں کو خاک میں ملایا۔ وزیراعظم نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے ہمیشہ پاکستان پر اپنا کرم فرمایا ہے، ماضی میں بھی ملک نے بڑے امتحانات کا سامنا کیا لیکن ثابت قدمی، قربانی اور اتحاد کے ذریعے ہر بحران پر قابو پایا۔ انہوں نے کہا کہ آج بھی پاکستان ترقی اور استحکام کی راہ پر گامزن ہے، گزشتہ ڈیڑھ سال میں حکومت نے ملکی معیشت کو دیوالیہ ہونے سے بچایا اور استحکام کی جانب گامزن کیا۔

انہوں نے اس موقع پر کہا کہ یہ کامیابیاں صرف حکومت کی نہیں بلکہ پوری قوم کی محنت، قربانی اور دعاؤں کا نتیجہ ہیں۔ وزیراعظم نے مریم نواز اور ان کی ٹیم کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے عوامی خدمت، دیانتداری اور خلوص کی مثال قائم کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ خدمت کی سیاست ہی مسلم لیگ (ن) کا شعار ہے اور اسی جذبے سے عوام کی خوشحالی کے سفر کو جاری رکھا جائے گا۔ شہباز شریف نے اس موقع پر اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ حکومت پاکستان کی سلامتی، خودمختاری اور دفاع کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان نے ہمیشہ قوم کے اعتماد پر پورا اترتے ہوئے ہر میدان میں سرخروئی حاصل کی ہے، چاہے وہ سرحدوں کا دفاع ہو یا دہشت گردی کے خلاف جنگ۔ وزیراعظم نے کہا کہ دشمن کو ہر بار اسی طرح کی شکست کا سامنا کرنا پڑے گا جب قوم اپنی فوج کے ساتھ متحد کھڑی ہو۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی یہ فتح ہماری تاریخ کا وہ باب ہے جو آنے والی نسلوں کو عزم، اتحاد اور قربانی کا پیغام دیتا رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس جنگ نے یہ ثابت کر دیا کہ کوئی طاقت پاکستانی قوم کے جذبہ ایمان، حب الوطنی اور دفاعی عزم کو متزلزل نہیں کر سکتی۔ وزیراعظم نے اپنے خطاب کے اختتام پر دعا کی کہ اللہ پاکستان کو ہمیشہ ترقی، امن اور استحکام سے نوازے اور اس کے دشمنوں کے ارادے ہمیشہ ناکام ہوں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں