وزیراعلیٰ پنجاب کا عوام دوست اقدام : شیر باغ بہاول پور کی بحالی کے لیے 2 ارب روپے کی گرانٹ منظور

یوتھ ویژن نیوز : ( خصوصی رپورٹ برائے حبیب الرحمن راجپوت سے) بہاول پور کے شہریوں کے لیے خوشخبری یہ ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب نے ایک عوام دوست اور ترقیاتی قدم اٹھاتے ہوئے تاریخی شیر باغ کی بحالی، تزئین و آرائش اور جدید سہولیات کی فراہمی کے لیے دو ارب روپے کی خطیر گرانٹ منظور کر دی ہے۔

یہ اقدام صوبائی حکومت کی جانب سے عوامی فلاح و بہبود کے لیے جاری منصوبوں میں ایک نمایاں اضافہ ہے، جس سے نہ صرف بہاول پور بلکہ پورے جنوبی پنجاب کے شہریوں کو تفریح اور ماحول دوست سہولیات دستیاب ہوں گی۔ رکن صوبائی اسمبلی سعدیہ بلال نے چڑیا گھر بہاول پور کے دورے کے دوران اس اعلان کو وزیر اعلیٰ پنجاب کی عوام دوستی اور خدمت کی سیاست کا مظہر قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب ہمیشہ عوام کی آسانی، خوشحالی اور ترقی کو ترجیح دیتی ہیں اور یہ گرانٹ اسی ویژن کا حصہ ہے۔

سعدیہ بلال نے انتظامیہ کو ہدایت دی کہ شیر باغ کو نہ صرف جدید سہولیات سے آراستہ کیا جائے بلکہ عوام کو صاف ستھرا ماحول، خالص اور معیاری کھانا، تفریحی سرگرمیوں کے جدید انتظامات اور مکمل فیملی فرینڈلی ماحول فراہم کیا جائے تاکہ عام شہری اور ان کے خاندان پرامن تفریح سے لطف اندوز ہو سکیں۔ انہوں نے اس موقع پر کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے مطابق تمام سہولیات بلا معاوضہ عوام کو فراہم کی جائیں تاکہ کم آمدنی والے شہری بھی اپنے بچوں کے ساتھ اس پارک سے فائدہ اٹھا سکیں۔ رکن صوبائی اسمبلی نے انتظامیہ پر زور دیا کہ منصوبے کے تمام مراحل میں شفافیت اور معیار کا خاص خیال رکھا جائے تاکہ بہاول پور کے شہریوں کو ایک عالمی معیار کی تفریحی سہولت میسر ہو۔ دورے کے دوران شیر باغ کے کیوریٹر شہباز انور مان نے رکن اسمبلی کو منصوبے کی تفصیلات سے آگاہ کیا اور یقین دہانی کرائی کہ پارک کی تزئین و آرائش کے تمام مراحل جدید خطوط پر مکمل کیے جائیں گے۔ اس موقع پر مسلم لیگ (ن) لائرز فورم کے سینئر نائب صدر بلال ملک بھی ان کے ہمراہ تھے جنہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے وژن کا تسلسل ہے جو صوبے کے ہر شہر میں عوامی بہبود اور ترقی کے منصوبے لے کر آ رہی ہیں۔ شہریوں نے بھی حکومت کے اس فیصلے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ اس منصوبے سے نہ صرف تفریحی مواقع بڑھیں گے بلکہ مقامی معیشت کو بھی تقویت ملے گی کیونکہ پارک کی بحالی سے سیاحت میں اضافہ متوقع ہے۔ بہاول پور کے باسیوں کا کہنا ہے کہ تاریخی مقامات اور تفریحی مقامات کی بحالی خطے کے تشخص کو مضبوط کرے گی اور نئی نسل کو صحت مند تفریح کے مواقع فراہم کرے گی۔ سیاسی مبصرین کے مطابق یہ اقدام حکومت پنجاب کی اس پالیسی کا حصہ ہے جس کے تحت صوبے بھر میں تاریخی اور عوامی ورثے کے حامل مقامات کو جدید سہولیات کے ساتھ بحال کیا جا رہا ہے۔ دو ارب روپے کی یہ گرانٹ نہ صرف تعمیر و ترقی کی علامت ہے بلکہ عوامی فلاح کے اس عزم کی تجدید بھی ہے جس پر وزیر اعلیٰ پنجاب کی حکومت گامزن ہے۔شٍ

اپنا تبصرہ بھیجیں