اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کی شاندار کامیابی، ایچ ای سی کوالٹی اسسمنٹ میں 85 فیصد سے زائد اسکور

اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کی شاندار کامیابی، ایچ ای سی کوالٹی اسسمنٹ میں 85 فیصد سے زائد اسکور

یوتھ ویژن نیوز:(خصوصی رپورٹ برائے علی رضا سے) اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور نے اعلیٰ تعلیم کے میدان میں ایک اور سنگ میل عبور کرتے ہوئے ہائر ایجوکیشن کمیشن (HEC) کے سالانہ کوالٹی ایشورنس پرفارمنس اسسمنٹ 2023-24 میں 85.17 فیصد شاندار اسکور کے ساتھ اپنی کارکردگی کا لوہا منوا لیا ہے۔ یہ کامیابی یونیورسٹی کے اندرونی معیارِ تعلیم، شفاف طرزِ حکمرانی، اور تدریس و تحقیق میں تسلسل کے ساتھ بہتری کے عزم کی عکاسی کرتی ہے۔

ایچ ای سی کی جانب سے کی جانے والی جامع تشخیص میں اسلامیہ یونیورسٹی کے کوالٹی انہانسمنٹ سیل (QEC) کو بہترین کارکردگی کے حامل اداروں میں شامل کیا گیا۔ اس جائزے میں ادارہ جاتی کارکردگی، تعلیمی پروگراموں کی خود تشخیص، پروگرام کی منظوری، عمل درآمد اور اعلیٰ تعلیم کے قومی معیارات سے ہم آہنگی جیسے پہلوؤں کو پرکھا گیا۔ اسلامیہ یونیورسٹی نے تمام پیرامیٹرز پر اطمینان بخش نتائج فراہم کرتے ہوئے اپنے معیار کو قومی و بین الاقوامی سطح پر مستحکم کیا۔

مزید یہ بھی پڑھیں: عالمی ادارے ٹائمز ہائر ایجوکیشن نے ورلڈ یونیورسٹی رینکنگ برائے سال 2026 جاری کردی اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کا ایک اور اعزاز

وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد کامران نے اس کامیابی پر اساتذہ، طلبہ اور انتظامیہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ شاندار نتیجہ ادارے کے علمی وژن، تحقیقی قیادت اور معیاری تعلیم کے فروغ کے لیے جاری اسٹریٹجک کوششوں کا مظہر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اسلامیہ یونیورسٹی نے ایچ ای سی کے PSG 2023 کوالٹی فریم ورک میں بیان کردہ بہترین عملی اقدامات کو کامیابی سے نافذ کیا ہے، جن میں شواہد پر مبنی تشخیص، اسٹیک ہولڈرز کی شمولیت اور مسلسل تعلیمی بہتری پر خصوصی توجہ دی گئی۔

ڈائریکٹر کوالٹی انہانسمنٹ سیل پروفیسر ڈاکٹر محمد اسداللہ مدنی نے بتایا کہ اسلامیہ یونیورسٹی کی کارکردگی نے گزشتہ چار برسوں میں نمایاں ترقی کی ہے — 2019-21 میں اسکور 70.36%، 2021-22 میں 72.55%، 2022-23 میں 80.84% اور اب 2023-24 میں 85.17% تک پہنچ گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ “85 فیصد کی حد عبور کرنا یونیورسٹی کے لیے ایک اہم سنگِ میل ہے، جو اس کے پائیدار تعلیمی ترقی کے عزم کو ظاہر کرتا ہے۔”

پروفیسر مدنی نے یونیورسٹی انتظامیہ، اساتذہ، اور تمام تعلیمی و انتظامی اکائیوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ QEC اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں معیار، پائیداری، اور عالمی مسابقت کے فروغ کے لیے اپنے عزم پر قائم رہے گا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور اقوامِ متحدہ کے پائیدار ترقی کے ہدف نمبر 4 (معیاری تعلیم) سے ہم آہنگ رہتے ہوئے پاکستان میں اعلیٰ تعلیم کے معیار کو مزید بہتر بنانے میں کلیدی کردار ادا کرتی رہے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں