وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت افغان مہاجرین کی واپسی پر اعلیٰ سطح اجلاس، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا عدم دستیابی
یوتھ ویژن نیوز: (ثاقب اباراہیم سے) وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیرِ صدارت افغان مہاجرین کی وطن واپسی سے متعلق اہم اور اعلیٰ سطح کا اجلاس وزیراعظم ہاؤس میں جاری ہے، جس میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے سوا تمام صوبوں کے وزرائے اعلیٰ، وزیراعظم آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے وزیراعلیٰ شریک ہیں۔ اجلاس میں عسکری حکام، وفاقی کابینہ کے ارکان اور متعلقہ وزارتوں کے سینئر افسران بھی شریک ہیں۔ ذرائع کے مطابق اجلاس کا واحد ایجنڈا افغان مہاجرین کی منظم واپسی کے عمل پر غور اور آئندہ کے لائحہ عمل کی منظوری ہے۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے قومی سطح کے اس اہم اجلاس میں شرکت سے معذرت کر لی، حالانکہ وہ اسلام آباد میں موجود تھے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں افغان مہاجرین کے اندراج، واپسی کے عمل، اور ممکنہ سکیورٹی انتظامات سے متعلق اہم فیصلے کیے جانے کا امکان ہے۔ حکومت کی پالیسی کے مطابق پاکستان میں موجود غیر رجسٹرڈ افغان شہریوں کی مرحلہ وار واپسی کے لیے نیا فریم ورک تیار کیا جا رہا ہے۔
مزید پڑھیں : وفاقی کابینہ کی سی سی ایل سی اجلاسوں کے فیصلوں کی توثیق، شرم الشیخ میں وزیراعظم کے خطاب کو زبردست خراجِ تحسین
ذرائع کے مطابق اجلاس میں وفاقی اور صوبائی سطح پر اس عمل کے انتظامی و قانونی پہلوؤں پر تفصیلی مشاورت ہو رہی ہے، جب کہ سرحدی علاقوں میں مقیم افغان خاندانوں کی واپسی کے لیے انٹری پوائنٹس پر سہولیات بڑھانے پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ حکومت مہاجرین کی واپسی کے دوران انسانی ہمدردی کے اصولوں کو مدنظر رکھے گی۔
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے ملک میں سیلاب سے ہونے والی تباہ کاریوں پر بھی الگ اجلاس طلب کیا ہے، جس میں چاروں صوبائی وزرائے اعلیٰ، وزیراعظم آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے وزیراعلیٰ کو مدعو کیا گیا ہے۔ اس اجلاس میں سیلاب متاثرہ علاقوں میں بحالی کی پیشرفت، مالی امداد کے منصوبوں اور آئندہ کی گندم پالیسی پر بھی غور کیا جائے گا۔
سیاسی و انتظامی حلقوں کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی اجلاس میں غیر حاضری ایک غیر معمولی پیش رفت ہے، کیونکہ صوبے میں افغان مہاجرین کی بڑی تعداد مقیم ہے اور واپسی کے فیصلوں میں ان کی شمولیت اہم سمجھی جا رہی تھی۔