ملک و قوم کے دشمن دہشتگردوں کے خلاف آپریشن ناگزیر، فیصل کریم کنڈی
یوتھ ویژن نیوز: (واصب ابراہیم سے) گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے پولیس ٹریننگ سنٹر اور دہشتگردی کے حالیہ واقعے سے متاثرہ مقامات کا دورہ کیا، جہاں انہیں پولیس اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے حملہ ناکام بنانے کے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ گورنر نے دہشتگردوں کے خلاف پولیس کی جرات اور بہادری کو سراہتے ہوئے کہا کہ قومی اداروں پر حملہ کرنے والے عناصر ملک و قوم کے دشمن ہیں اور بے گناہ شہریوں کے خون سے ہاتھ رنگنے والے اور ریاستی املاک کو نقصان پہنچانے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ دہشتگردی کے خاتمے کے لیے مؤثر اور فیصلہ کن کارروائی وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ریاست شہریوں کے تحفظ کے لیے ہر ممکن قدم اٹھائے گی اور ایسے عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی جائے گی جو ملک میں انتشار اور خوف پھیلانے کے درپے ہیں۔
گورنر نے اپنے دورے کے دوران متاثرہ نادرا سنٹر کا بھی معائنہ کیا اور جلائی گئی عمارت کے نقصانات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر ضلعی انتظامیہ اور نادرا حکام نے گورنر کو حملے کی نوعیت، نقصان اور بحالی کے اقدامات سے آگاہ کیا۔ فیصل کریم کنڈی نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ شہریوں کے ڈیٹا اور سروسز کے نظام کو جلد از جلد بحال کیا جائے تاکہ عوامی مشکلات میں کمی لائی جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ دہشتگردی صرف ریاستی اداروں کے لیے نہیں بلکہ پورے معاشرے کے امن و استحکام کے لیے خطرہ ہے۔ عوام کو بھی چاہیے کہ وہ اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کریں اور ایسے عناصر کی نشاندہی کریں جو ملک دشمن سرگرمیوں میں ملوث ہیں۔ گورنر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ خیبرپختونخوا حکومت قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کر امن و امان کی بحالی کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی۔