وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے سپریم کورٹ بار الیکشن میں کامیابی پر انڈیپینڈنٹ گروپ کو مبارکباد
یوتھ ویژن نیوز: (ایڈوکیٹ واصب ابراہیم سے) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے پر انڈیپینڈنٹ گروپ کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔ انہوں نے گروپ کے سربراہ احسن بھون کو خصوصی طور پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ حکومت ہمیشہ وکلاء برادری کو ملکی اصلاحات اور قانون کی بالادستی کے عمل میں اہم شراکت دار سمجھتی ہے۔ وزیراعظم نے اس موقع پر اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت آئندہ بھی وکلاء کے تعاون سے عدالتی و قانونی نظام میں بہتری کے لیے عملی اقدامات جاری رکھے گی۔
شہباز شریف نے کہا کہ وزیرِ قانون اعظم نذیر تارڑ اس سلسلے میں مسلسل وکلاء تنظیموں سے رابطے میں ہیں تاکہ قانون کے شعبے میں پیش آنے والے مسائل اور چیلنجز کو مؤثر طور پر حل کیا جا سکے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ وکلاء برادری عدلیہ کی آزادی، انصاف کی فراہمی اور آئین کی حکمرانی کے لیے اپنے تاریخی کردار کو اسی جذبے کے ساتھ جاری رکھے گی۔
وزیراعظم نے نو منتخب صدر ہارون الرشید، سیکرٹری زاہد اسلم اعوان اور دیگر عہدیداران کو بھی مبارکباد دیتے ہوئے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ انڈیپینڈنٹ گروپ کی کامیابی اس بات کی عکاسی کرتی ہے کہ وکلاء برادری ملک میں جمہوری استحکام، قانون کی بالادستی اور وکلاء کی فلاح و بہبود کے ایجنڈے پر یکجا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وکلاء ہمیشہ سے آئین کے محافظ اور انصاف کے علمبردار رہے ہیں۔ حکومت ان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے تاکہ عوام کو فوری اور سستا انصاف فراہم کیا جا سکے۔ شہباز شریف نے یقین دلایا کہ حکومت وکلاء کی ترقی، عدالتی اصلاحات اور قانونی تعلیم کے فروغ کے لیے ہر ممکن سہولت فراہم کرے گی۔
تجزیہ کاروں کے مطابق وزیراعظم کا یہ پیغام وکلاء برادری اور حکومت کے درمیان باہمی تعاون کے فروغ کی علامت ہے۔ سیاسی و قانونی حلقوں کا کہنا ہے کہ انڈیپینڈنٹ گروپ کی کامیابی مستقبل میں بار ایسوسی ایشنز کی پالیسیوں اور عدالتی معاملات میں توازن پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کرے گی۔