صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کی اہم ملاقات،سیاسی کشیدگی، پنجاب حکومت کے رویے اور پارٹی تحفظات پر تفصیلی گفتگو

صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کی اہم ملاقات،سیاسی کشیدگی، پنجاب حکومت کے رویے اور پارٹی تحفظات پر تفصیلی گفتگو

یوتھ ویژن نیوز : (ثاقب ابراہیم سے) صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کے درمیان ہونے والی اہم ملاقات کا احوال سامنے آ گیا ہے، جس میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال، حکومتی طرزِ عمل اور باہمی جماعتی تعلقات پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔

ذرائع کے مطابق ملاقات میں صدرِ مملکت نے پنجاب حکومت کے رویے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات میں سیاسی ہم آہنگی اور باہمی برداشت کی فضا قائم رکھنا ناگزیر ہے۔ صدر زرداری نے وزیراعظم کو پیپلز پارٹی کے تحفظات، شکایات اور اندرونی خدشات سے آگاہ کیا اور کہا کہ صوبائی حکومت کے بعض اقدامات اتحادی جماعتوں کے اعتماد پر منفی اثر ڈال رہے ہیں۔

صدر کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی ہمیشہ برداشت، رواداری اور شائستہ طرزِ سیاست پر یقین رکھتی ہے اور کسی بھی صورت گالم گلوچ یا بلیک میلنگ کی سیاست کی حامی نہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ ملاقات کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے صدر زرداری کو یقین دہانی کرائی کہ ان کے تمام تحفظات دور کیے جائیں گے اور پنجاب حکومت کی قیادت سے ذاتی طور پر بات چیت کریں گے تاکہ غلط فہمیاں ختم ہو سکیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ وفاقی حکومت تمام اتحادی جماعتوں کے ساتھ مکمل رابطے میں ہے اور کسی بھی سیاسی تنازع کو بات چیت کے ذریعے حل کرنے کی پالیسی پر قائم ہے۔

مزید پڑھیں : صدر آصف علی زرداری کا سخت ردِعمل اور افغان حکومت کو خبردار

اس موقع پر صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ پیپلز پارٹی عزت دے کر عزت لینے کی سیاست پر یقین رکھتی ہے اور ہمیشہ جمہوری اداروں کے استحکام اور سیاسی برداشت کے فروغ کے لیے کردار ادا کرتی رہی ہے۔ انہوں نے اس بات پر بھی دکھ کا اظہار کیا کہ حالیہ کشیدگی کے دوران مسلم لیگ (ن) کی قیادت کی خاموشی سے غلط تاثر گیا، اور امید ظاہر کی کہ آئندہ ایسے مواقع پر قیادت فعال کردار ادا کرے گی۔ ذرائع کے مطابق صدر زرداری نے کہا کہ پیپلز پارٹی چاہتی ہے کہ ملک میں سیاسی استحکام، معاشی ترقی اور عوامی مسائل کے حل کے لیے تمام جماعتیں مشترکہ طور پر لائحہ عمل طے کریں۔ ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے صوبوں میں ترقیاتی منصوبوں، اتحادی حکومت کے اندر رابطہ کاری، اور قومی مفاد کے بڑے فیصلوں پر بھی مشاورت کی۔ باخبر ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے اس بات پر زور دیا کہ وفاقی سطح پر پیپلز پارٹی کے وزراء اور ارکان سے مشاورت بڑھائی جائے گی تاکہ اتحادی سیاست کو مضبوط بنیادوں پر استوار کیا جا سکے۔ سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ یہ ملاقات حالیہ ہفتوں میں بڑھتی ہوئی سیاسی کشیدگی کے پس منظر میں نہایت اہمیت رکھتی ہے کیونکہ اس کے ذریعے دونوں بڑی جماعتوں کے درمیان پیدا ہونے والی خلیج کم کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔ صدر زرداری نے کہا کہ پیپلز پارٹی کا کردار ہمیشہ وفاق کی علامت رہا ہے اور وہ جمہوریت کے تسلسل کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔ تجزیہ کاروں کے مطابق اس ملاقات کو مستقبل میں مرکز اور صوبوں کے درمیان ہم آہنگی کی بحالی کے لیے ایک مثبت قدم کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، جو نہ صرف سیاسی فضا کو نرم کرے گا بلکہ اتحادی حکومت کے استحکام میں بھی مددگار ثابت ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں