سابق سپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی انتقال کر گئے، صدر مملکت اور وزیراعظم کا اظہار افسوس
سابق اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے، صدر آصف زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے گہرے دکھ کا اظہار کیا۔
یوتھ ویژن نیوز : (نمائندہ خصوصی امجد محمود بھٹی سے ) پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور سابق اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی طویل علالت کے بعد کراچی کے ایک نجی اسپتال میں انتقال کر گئے۔
پارٹی رہنماؤں، سیاسی شخصیات اور عوامی حلقوں میں اس خبر نے گہرے دکھ کی لہر دوڑا دی ہے۔ آغا سراج درانی گزشتہ کئی ہفتوں سے عارضہ قلب میں مبتلا تھے اور طبیعت بگڑنے پر انہیں اسپتال منتقل کیا گیا تھا، جہاں وہ زندگی کی بازی ہار گئے۔ آغا سراج درانی 1953 میں گڑھی یاسین کے پشتون گھرانے میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے ابتدائی تعلیم سینٹ پیٹرک ہائی اسکول کراچی سے حاصل کی اور بعد ازاں سندھ مسلم لا کالج سے ایل ایل بی کی ڈگری مکمل کی۔ 1980 کی دہائی میں وہ امریکا منتقل ہو گئے جہاں ہارڈ ویئر کا کاروبار کیا، تاہم جلد ہی وطن واپس آ کر سیاست کے میدان میں قدم رکھا۔ 1985 میں پہلی بار جنرل ضیاء الحق کے دور میں الیکشن لڑا مگر کامیاب نہ ہو سکے۔
مزید پڑھیں : صدر مملکت آصف زرداری کا دو ٹوک مؤقف: ’’پاکستان اپنی خودمختاری پر کسی قیمت پر سمجھوتہ نہیں کرے گا
بعد ازاں انہوں نے پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کی اور 1988 کے عام انتخابات میں سندھ اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے۔ آغا سراج درانی نے اپنی چار دہائیوں پر محیط سیاسی زندگی میں پیپلز پارٹی کے ساتھ بھرپور وابستگی نبھائی اور تین مرتبہ صوبائی وزیر کے طور پر خدمات انجام دیں۔ وہ 31 مئی 2013 سے 25 مئی 2024 تک دو بار سندھ اسمبلی کے اسپیکر منتخب ہوئے جبکہ مارچ 2022 سے اکتوبر 2022 تک قائم مقام گورنر سندھ کے فرائض بھی انجام دیے۔ انہیں شہید محترمہ بینظیر بھٹو اور سابق صدر آصف علی زرداری کا نہایت قریبی اور وفادار ساتھی سمجھا جاتا تھا۔
ان کے والد آغا صدرالدین درانی اور چچا آغا بدرالدین درانی بھی سندھ اسمبلی کے اسپیکر رہ چکے ہیں، یوں یہ خاندان طویل عرصے سے سندھ کی سیاست میں نمایاں مقام رکھتا ہے۔ آغا سراج درانی کے انتقال پر صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم نے جمہوری اقدار کے فروغ اور عوامی فلاح و بہبود کے لیے ناقابلِ فراموش خدمات انجام دیں۔
صدر مملکت نے اہلِ خانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جوارِ رحمت میں جگہ عطا فرمائے۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بھی آغا سراج درانی کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک باوقار، شائستہ اور اصول پسند سیاستدان تھے جنہوں نے سندھ اسمبلی میں شفاف طرزِ سیاست کو فروغ دیا۔ وزیراعظم نے مرحوم کے اہلِ خانہ کے لیے صبر و استقامت کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی سیاسی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے اپنے تعزیتی بیان میں کہا کہ آغا سراج درانی پیپلز پارٹی کے وفادار اور مخلص رہنما تھے جنہوں نے سندھ اسمبلی کو مضبوط بنانے اور جمہوریت کے استحکام کے لیے کلیدی کردار ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ درانی صاحب کی جدوجہد اور اصول پسندی پارٹی کے لیے مشعلِ راہ رہے گی۔ سیاسی مبصرین کے مطابق آغا سراج درانی کا شمار سندھ کی سیاست کے اُن رہنماؤں میں ہوتا تھا جنہوں نے ہر دور میں پارٹی اور صوبے کے مفاد کو مقدم رکھا۔ ان کی وفات سے نہ صرف پیپلز پارٹی بلکہ ملکی سیاست کو بھی ایک تجربہ کار پارلیمنٹیرین سے محرومی کا صدمہ پہنچا ہے۔ ان کے انتقال پر مختلف سیاسی و سماجی رہنماؤں نے بھی اظہار افسوس کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کے درجات بلند فرمائے اور ان کے اہلِ خانہ کو صبر جمیل عطا کرے۔