حکومت کی جانب سے عوام کے لیے بڑی خوشخبری! پیٹرولیم مصنوعات کی قیمیتوں میں نمایا کمی ہونے کا امکان
یوتھ ویژن نیوز : (خصوصی رپورٹ برائے عدنان قذافی سے) مہنگائی کے دباؤ میں پسے عوام کے لیے ایک خوشخبری سامنے آئی ہے، کیونکہ ملک بھر میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا قوی امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق حکومت کی جانب سے پیٹرول اور ڈیزل کی نئی قیمتوں کا باضابطہ اعلان کل متوقع ہے، اور ابتدائی ورکنگ کے مطابق عوام کو ریلیف ملنے کے امکانات روشن ہیں۔ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں حالیہ کمی کے بعد اوگرا نے نئی ریٹ کیلکولیشن مکمل کر لی ہے، جس کے تحت پیٹرول کی قیمت میں 6 روپے 10 پیسے فی لٹر تک کمی کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں بھی 97 پیسے فی لٹر کمی متوقع ہے، جب کہ مٹی کے تیل کی قیمت 2 روپے 75 پیسے اور لائٹ ڈیزل آئل 1 روپے 64 پیسے فی لٹر کم ہونے کا امکان ہے۔
حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ اوگرا کل یہ ورکنگ رپورٹ پٹرولیم ڈویژن کو ارسال کرے گا، جس کے بعد پٹرولیم ڈویژن اور وزارتِ خزانہ تفصیلی مشاورت کے بعد اپنی سفارشات وزیراعظم کو بھجوائیں گے۔ حتمی منظوری وزیراعظم کی جانب سے دی جائے گی، جب کہ نئی قیمتوں کا اطلاق 16 اکتوبر سے متوقع ہے۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمت میں کمی اور روپے کے مقابلے میں ڈالر کے قدرے مستحکم ہونے سے مقامی سطح پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا راستہ ہموار ہوا ہے۔
ماہرین کے مطابق اگر عالمی منڈی میں تیل کے نرخ موجودہ سطح پر برقرار رہے تو آئندہ ہفتوں میں بھی قیمتوں میں مزید کمی کے امکانات ہیں، تاہم ٹیکس اور لیوی کی شرح میں ردوبدل حتمی قیمت پر اثر ڈال سکتا ہے۔ اقتصادی ماہرین نے کہا ہے کہ پیٹرول کی قیمت میں ممکنہ کمی سے نہ صرف ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں ریلیف ملے گا بلکہ مہنگائی کی شرح میں بھی معمولی کمی متوقع ہے۔ وزارتِ خزانہ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت کوشش کر رہی ہے کہ عالمی سطح پر قیمتوں میں کمی کا فائدہ براہِ راست عوام تک پہنچایا جائے۔
دوسری جانب، عوامی حلقوں نے بھی پیٹرول کی قیمتوں میں ممکنہ کمی پر اطمینان کا اظہار کیا ہے، تاہم شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر حکومت یہ ریلیف برقرار رکھے تو روزمرہ اشیاء کی قیمتوں میں بھی بہتری آ سکتی ہے۔ یہ بھی بتایا گیا ہے کہ تیل کی قیمتوں میں کمی سے متعلق اعلان کے بعد متعلقہ ادارے نئی پرائس لسٹ جاری کریں گے اور آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کو اس پر عملدرآمد کی ہدایت کی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق حکومت کی جانب سے یہ فیصلہ ایسے وقت میں متوقع ہے جب عام آدمی بڑھتی ہوئی مہنگائی اور بجلی کے نرخوں میں اضافے سے شدید دباؤ میں ہے۔ اگر پیٹرول واقعی 6 روپے سے زائد سستا ہوتا ہے تو عوامی سطح پر ایک وقتی ریلیف ممکن ہے۔ تاہم معاشی ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ عالمی منڈی میں کسی بھی وقت تیل کی قیمتوں میں دوبارہ اضافہ ممکن ہے، اس لیے حکومت کو ایک متوازن پالیسی اپنانا ہوگی تاکہ آئندہ قیمتوں میں بڑے جھٹکوں سے بچا جا سکے۔ فی الحال عوام کی نظریں کل ہونے والے اعلان پر لگی ہیں، جہاں فیصلہ ہوگا کہ پیٹرول کتنا سستا ہوگا اور کیا یہ ریلیف دیرپا ثابت ہو سکے گا یا نہیں۔