پاکستان بمقابلہ جنوبی افریقا ٹیسٹ میچ ،ہیڈ کوچ نے پیچ سے متعلق اہم اعلان کردیا۔
یوتھ ویژن نیوز: (فیضان بلوچ سے) پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان ہونے والی ٹیسٹ سیریز سے قبل پچ کے حوالے سے قیاس آرائیاں جاری ہیں، تاہم قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ اظہر محمود نے واضح کردیا ہے کہ لاہور ٹیسٹ کی وکٹ اسپنرز کے لیے سازگار ضرور ہوگی، مگر اس قدر نہیں جتنی انگلینڈ کے خلاف سیریز میں تھی۔
قذافی اسٹیڈیم لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اظہر محمود نے کہا کہ ہماری حکمتِ عملی واضح ہے—ہم نے دیکھنا ہے کہ 20 وکٹیں کیسے حاصل کرنی ہیں۔ ابھی تک پلیئنگ الیون کا فیصلہ نہیں کیا گیا، حتمی ٹیم پچ کی صورتحال دیکھ کر طے کی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ محمد رضوان ہمارے مستقل وکٹ کیپر ہیں، جبکہ روحیل نذیر کو بیک اَپ کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
ہیڈ کوچ نے بتایا کہ جنوبی افریقا کی ٹیم ٹیسٹ چیمپئن شپ جیت کر پاکستان آئی ہے، اس لیے ہمیں معلوم ہے کہ یہ آسان سیریز نہیں ہوگی۔ تاہم، ہم اپنی ہوم کنڈیشنز کا بھرپور فائدہ اٹھانے کی پوری کوشش کریں گے۔ اظہر محمود کے مطابق ٹیم مکمل طور پر تیار ہے اور کھلاڑیوں کا فوکس مثبت کرکٹ کھیلنے پر ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی ہر سیریز سے قبل ٹیم سے ملاقات کرتے ہیں، جس سے کھلاڑیوں کا حوصلہ بڑھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وائٹ بال فارمیٹ کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن کے ساتھ ان کا بہترین ورکنگ ریلیشن ہے، کیونکہ وہ وائٹ بال ٹیم کی سلیکشن کے ذمے دار ہیں۔ "ہمارا مقصد ایک ہی ہے، پاکستان کرکٹ کو آگے لے جانا۔”
آصف آفریدی کے حوالے سے سوال پر اظہر محمود نے تنقید کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ عمر صرف ایک نمبر ہے۔ آصف آفریدی نے دو ڈومیسٹک سیزنز میں 80 وکٹیں حاصل کی ہیں، جو اُن کی کارکردگی کا واضح ثبوت ہے۔ "ہم میرٹ پر یقین رکھتے ہیں، جو کھلاڑی پرفارم کرے گا، وہ ٹیم میں ہوگا۔”
اظہر محمود نے مزید کہا کہ پچ پر اسپن تو ہوگی، لیکن یہ بیٹرز کے لیے بھی سازگار رہے گی۔ ان کے مطابق وکٹ پر موجود گھاس اور مٹی کا توازن اس طرح رکھا گیا ہے کہ میچ پانچ دن تک متوازن انداز میں جاری رہے۔ "ہم نہیں چاہتے کہ میچ دو دن میں ختم ہو جائے یا بہت زیادہ اسپن ہو۔ تماشائیوں کو مکمل اور دلچسپ کرکٹ دیکھنے کو ملے گی۔”
دوسری جانب، شائقینِ کرکٹ کے درمیان بھی لاہور ٹیسٹ کی پچ پر کافی بحث ہو رہی ہے۔ کچھ ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر وکٹ خشک ہوئی تو اسپنرز کا راج ہوگا، جبکہ دوسروں کے مطابق فاسٹ بولرز کو شام کے وقت ملنے والی نمی مددگار ثابت ہوسکتی ہے۔
پاکستان ٹیم اس وقت مثبت مائنڈ سیٹ کے ساتھ میدان میں اترنے کے لیے پرعزم ہے۔ کوچنگ اسٹاف کے مطابق تمام کھلاڑی فٹ اور فارم میں ہیں، جبکہ سینئر بیٹرز بھی نیٹ سیشنز میں زبردست پرفارمنس دے رہے ہیں۔
اظہر محمود نے کہا کہ ٹیم کی نظریں ٹیسٹ چیمپئن شپ میں اچھا آغاز کرنے پر ہیں۔ "ہماری پوری توجہ صرف جیت پر ہے۔ امید ہے لاہور کے کراؤڈ کے سامنے ایک یادگار مقابلہ دیکھنے کو ملے گا۔”