امریکا کی غذائی امداد سے 29 ہزار بچوں کی زندگیوں میں بہتری

امریکا کی غذائی امداد سے 29 ہزار بچوں کی زندگیوں میں بہتری

یوتھ ویژن : ( ثاقب ابراہیم غوری سے ) امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے کراچی کے دورے کے دوران 29 ہزار سے زائد بچوں کے لیے 486 میٹرک ٹن ہنگامی غذائی امداد فراہم کی۔

اس امداد کے علاوہ، امریکا نے 3 لاکھ 17 ہزار سے زائد ماؤں اور بچوں کی ضروری غذائی ضروریات پوری کرنے کے لیے مدد کی ہے۔ مزید یہ کہ ماؤں اور بچوں کے طبی معائنہ اور علاج کے لیے یونیسیف اور مقامی صحت کی خدمات فراہم کرنے والوں کو بھی تعاون فراہم کیا گیا ہے۔ خصوصی طور پر 7 لاکھ 79 ہزار فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز کو غذائی قلت کی روک تھام میں اہم کردار ادا کرنے کے قابل بنایا گیا-

جبکہ مقامی سطح پر دائیوں کو بھی درکار آلات فراہم کیے گئے۔ لاکھوں پاکستانیوں کو تاحال ہنگامی امداد کی ضرورت ہے، تاہم امریکا کی جانب سے 2022 میں آنے والے سیلاب سے متاثرہ غریب طبقات کی امداد کا سلسلہ جاری رہے گا۔

یہ اقدامات پاکستانی بچوں اور ماؤں کی صحت کے لیے ایک مثبت پیش رفت ہے۔