لانگ مارچ کے دوران حادثہ،نجی چینل کی خاتون رپورٹرجاں بحق، مارچ منسوخ
یوتھ ویژن نیوز( عمران قذافی سے )پاکستان تحریک انصاف کے لانگ مارچ کے دوران چینل 5 کی رپورٹر صدف نعیم ،عمران خان کے کنٹینر کے نیچے آ جاں بحق ہو گئیں، صدف نعیم سینئر صحافی مرحوم ضیا شاہد کے ساتھ پرانے گیت پرانی غزلیں پروگرام کرتی تھیں۔
تفصیلات کے مطابق رپورٹر صدف نعیم لانگ مارچ میں شامل کنٹینر کے نیچے آکر جاں بحق ہوئیں، ابتدائی اطلاع کے مطابق صدف نعیم کنٹینر سے سلپ ہو کر گریں نیچے کرنے پر کنٹینر صدف نعیم کے اوپر سے گزر گیا۔
یہ بھی پڑھیں: ارشد شریف کو گاڑی سے نکال کر گولی ماری گئی، قریبی ساتھی کا انکشاف
حادثے کے فوری بعد سابق وزیراعظم عمران خان نے آج کا مارچ منسوخ کردیا۔ انہوں نے خطاب میں کہا کہ بدقسمتی سے ایک حادثہ ہوا ہے، آج ہم نے کامونکی جانا تھا لیکن حادثے کی وجہ سے کینسل کردیا ہے۔ عمران خان نے کہا کہ وہ اس موت پر افسردہ ہیں اور خاتون رپورٹر کے اہلخانہ سے تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آج ہم اپنے مارچ کو ختم کررہے ہیں اور کل کامونکی سے اپنا مارچ شروع کریں گے، ایک حادثے کی وجہ سے ہمیں آج کا مارچ منسوخ کرنا پڑا، خاتون رپورٹر کی فیملی سے اظہار ہمدردی کرتے ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے چینل5 کی رپورٹر صدف نعیم کے انتقال پر شدید دکھ کا اظہار کیا ہے، اپنے ٹویٹ میں ان کا کہنا ہے کہ اندوہناک واقعے پر جتنا افسوس کیاجائے، کم ہے۔ اہل خانہ سے دلی تعزیت کرتے ہیں۔ صدف نعیم ایک متحرک اور محنتی رپورٹر تھیں۔ مرحومہ کی مغفرت اہل خانہ کے لئے صبر جمیل کی دعا کرتے ہیں۔
نجاب کے وزیراعلٰی چوہدری پرویز الٰہی نے حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے خاتون صحافی کے اہلخانہ سے تعزیت کی ہے۔
تحریک انصاف کے سیکریٹری جنرل اسد عمر اور سابق وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے بھی حادثے میں خاتون رپورٹر کی موت پر تعزیتی پیغامات جاری کیے۔
فواد چوہدری نے ٹویٹ کیا کہ ’صدف سے زیادہ جرات مند اور محنتی رپورٹر بہت کم دیکھے، ایک جی دار لڑکی تھی۔ کل ہی عمران خان سے انٹرویو کے بعد صدف کا لاہور کی سب سے جی دار اور محنتی رپورٹر کے طور پر تعارف کروایا تھا۔‘
فواد چوہدری نے کہا کہ ’تحریک انصاف کے چیئرمین کا انٹرویو کر کے اس کی آنکھیں چمک اٹھیں، کیا معلوم تھا یہ ملاقات آخری ہو گی۔‘