اماراتی صدرکا پاکستان میں سیلاب زدگان کی فوری امداد کاحکم
یوتھ ویژن نیوز ( ویب ڈسک ) متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید نے پاکستان کے سیلاب متاثرین کی فوری امداد کا حکم دے دیا۔ متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان نے بھی وزیراعظم شہباز شریف سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور مون سون کی غیرمعمولی بارشوں اور سیلاب سے ہونے والی ملک گیر تباہی پر اظہار افسوس کیا۔ اماراتی صدر نے سیلاب کے باعث نقصان کے حوالے سے پاکستان کو فوری امداد فراہم کرنے کا حکم دیا ہے۔ اس امدادی سامان میں 3 ہزار ٹن خوراک کی فراہمی کے ساتھ ساتھ طبی اور دواسازی کا سامان بھی شامل ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستانی تاریخ کا بدترین سیلاب،عالمی رہنماؤں کے ٹیلیفون،تعاون کی یقین دہانی
اماراتی نیوز ایجنسی کے مطابق اماراتی صدر کے اعلان کے بعد سیلاب متاثرین کیلئے 3 ہزار ٹن خوراک بھیجی جائے گی۔
نیوز ایجنسی نے بتایا کہ امارات کی جانب سے خوراک کے ساتھ ساتھ کئی ٹن ادویات اور خیمے بھی شامل ہیں۔
خیال رہے کہ ملک کے چاروں صوبوں میں سیلابی ریلوں نے تباہی مچائی ہوئی ہے اور اب تک 900 سے زائد افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔
سیلابی ریلوں نے لاکھوں ایکڑ اراضی پر کھڑی فصلوں کو نقصان پہنچایا ہے۔
پاکستان نے بھی عالمی برادری سے امداد کی اپیل کی ہے اور آج برطانیہ نے بھی 15 لاکھ پاؤنڈ کی امداد کا اعلان کیا ہے۔