سیاست نہیں حقیقی آزادی کی جنگ لڑرہا ہوں، عمران خان

 یوتھ ویژن نیوز (واصب غوری سے ) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف اور سابق وزیراعظم عمران خان نے جہلم میں جلسہ عام سے خطاب کیا ہے۔ جس میں ان کا کہنا تھا کہ ملک کی سیلابی صورتحال ایک امتحان ہے۔ قوم جب تک متحد نہ ہو، اس طرح کے امتحان سے نہیں نمٹ سکتی۔ 

انہوں نے کہا کہ رضاکار اور نوجوان اکٹھے کیے جارہے ہیں جو کہ حکومتوں کی امدادی سرگرمیوں میں مدد کریں گے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ پیر کی شام ٹیلی تھون کے ذریعے چندہ اکٹھا کیا جائے گا اور اسے سیلاب متاثرین کی مدد پر خرچ کیا جائے گا۔ 

انہوں نے مزید کہا کہ ان کی حکومت کے ساڑھے تین سال میں 10 ڈیمز کی تعمیر شروع کی گئی۔ منگلا اور تربیلا کے بعد یہ سب سے بڑے ڈیم تعمیر کیے جارہے ہیں۔ گزشتہ 50 سالوں میں حکومت کرنے والوں نے کبھی بڑے ڈیم بنانے کا کیوں نہیں سوچا۔ ان کی حکومت نے پہلی مرتبہ مستقبل کی منصوبہ بندی کی۔ 

انہوں نے اعلان کیا کہ ان کے خلاف مہم چل رہی ہے کہ اس وقت سیاست نہیں کرنی چاہیے، ضمیر فروش کان کھول کرسن لیں، وہ زیادتی نہیں حقیقی آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ سیلاب ہو یا جنگ یہ جدوجہد چلتی رہے گی۔ یہ جنگ تب تک جاری رہے گی جب تک کہ اس ملک کو چوروں سے آزادی نہ مل جائے۔ 

انہوں نے دوٹوک پیغام میں کہا کہ نواز شریف، شہباز شریف، مولانا فضل الرحمان اور آصف زرداری سن لیں، سیلاب متاثرین کے لیے بھی جدوجہد کروں گا لیکن انہیں نہیں  چھوڑوں گا۔ 

انہوں نے کہا کہ ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت کو دیوار سے لگایا جارہا ہے۔ اس وقت ملک کی جمہوریت کو سب سے زیادہ خطرہ ہے۔ یہ مجھے ٹیکنیکل ناک آؤٹ کرنا چاہتے ہیں۔ 

اپنا تبصرہ بھیجیں