وزیر اعظم کا سندھ کے سیلاب متاثرین کیلئے 15 ارب روپے کی گرانٹ کا اعلان

وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے سندھ کے سیلاب متاثرین کیلئے 15 ارب روپے کی گرانٹ کا اعلان کیا گیا ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت کو متاثرین کی بحالی کے لیے15 ارب دیئے جارہے ہیں، آخری گھرانے کے آباد ہونے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔

وزیراعظم محمدشہبازشریف نے سکھر میں سیلاب متاثرین سے ملاقات میں انہیں یقین دہانی کروائی کہ وفاقی حکومت اس مشکل وقت میں اپنے بہن بھائیوں کو بالکل تنہا نہیں چھوڑے گی اور انہیں دوبارہ اپنے گھروں میں آباد کرنے کیلیے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائیگی

انہوں نے کہا کہ آج سندھ میں بی آئی ایس پی کےذریعے24ہزارفی گھرانہ دیئےجارہےہیں، مستحق گھرانوں کو شفاف طریقے سے امداد پہنچائیں گے۔

وزیراعظم نے کہا کہ این ڈی ایم اے صوبائی حکومت کو ہر ممکن مدد فراہم کریگی جبکہ افواج پاکستان متاثرین کی مدد کےلیے دن رات کام کر رہی ہیں-

وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ سب سے بڑا مسئلہ دیہاتوں سے پانی نکالنا ہے، بارش اورسیلاب سے اتنے بڑے پیمانے پر تباہی کا سوچا بھی نہیں جاسکتا تھا۔

وزیراعظم نے کہا کہ سندھ میں سیلاب اور بارشوں سے گھر تباہ ہو گئے، پورے پورے دیہات پانی کی نذر ہو گئے، سیلاب سے شدید تباہی ہوئی ہے۔

وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ بارشوں اور سیلاب سے تباہ کاریوں کا فضائی جائزہ لیا، فضائی جائزے کےدوران ایسے لگا جیسے ہرجگہ دریائے سندھ پھیلا ہوا ہے۔

سیلاب متاثرین کے عطیات کیلیے وزیراعظم فلڈ ریلیف 2022 کا شارٹ کوڈ جاری کردیا گیا ہے۔

پاکستان ٹیلی کام اتھارٹی (پی ٹی اے) نے باضابطہ نوٹیفیکیشن جاری کر دیا گیا ہے، جس میں بتایا گیا ہے کہ شہری موبائل فون سے “فنڈ” لکھ کر 9999 پر ایس ایم ایس بھیج کر 10 روپے عطیہ کرسکتے ہیں۔

پی ٹی اے کا نوٹیفیکیشن میں بتایا گیا ہے کہ تمام آپریٹرز جمع ہونے والے عطیات سے این ڈی ایم اے کو مطلع کریں گے۔

واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے تباہ کن سیلاب کی صورتحال میں اندرون و بیرون ملک پاکستانیوں، مخیر حضرات اور اداروں سے عطیات دینے کی اپیل کی تھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں