مقبوضہ جموں کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما پیپلز لیگ کے چیئرمین مختار وازہ کی گرفتاری کیخلاف عوام سراپا احتجاج
مظفر آباد: (عائشہ درانی سے) مقبوضہ جموں کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما پیپلز لیگ کے چیئرمین مختار وازہ کی گرفتاری کیخلاف عوام سراپا احتجاج بن گے ، ریاستی دارالحکومت مظفرآباد کے لال چوک اپراڈہ میں پیپلز لیگ آزادکشمیر و گلگت بلتستان کے صدر محمد یونس میر کی قیادت میں بھارتی ریاستی دہشتگردی کیخلاف احتجاج کیا گیا ، احتجاجی مظاہرے میں شہریوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی مظاہرین نے مقبوضہ کشمیر میں فرضی الزامات کی بنیاد پر کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما و پیپلز لیگ کے چیئرمین مختار وازہ کی گرفتاری کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے بھارتی بوکھلاہٹ قرار دیتے ہوئے فوری رہائی کا مطالبہ کیا ہے مظاہرین کا کہنا ہے بھارت جیسے غاصب اور جارح ملک نے مقبوضہ جموں کشمیر کو لہو لہو کررکھا ہے دنیا کو اس سارے عمل پر تماشائی بننے کے بجائے خطہ میں پائیدار امن کے قیام کیلئے کردار ادا کرنا چاہئیے مظاہرین نے کہا کہ حریت رہنما مختار وازہ تحریک آزادی کشمیر کیلئے جدوجہد میں مصروف ہیں جنہیں آئے روز شدید ذہنی اذیت کا نشانہ بنایا جارہا ہے، حریت رہنما مختار وازہ کی صحت بھی ٹھیک نہیں بھارت کی جانب سے ان کی گرفتاری بوکھلاہٹ کا نتیجہ ہے انہوں نے عالمی اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ بھارتی ریاستی دہشتگردی کیخلاف مداخلت کریں اور مختار وازہ سمیت دیگر سیاسی رہنماؤں کی رہائی کیلئے اقدامات اٹھائیں