دھند نے سب کچھ دھندلادیا،موٹروے سے ائیرپورٹ تک سب بند
لاہور (مبشر بلوچ سے ) : پنجاب اور خیبرپختونخوا میں دھند کے باعث موٹروے اور رنگ روڈ پر حدنگاہ انتہائی کم ہوگئی، علامہ اقبال ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن بھی متاثر ہوگیا۔ پی آئی اے نے پروازوں کے شیڈول میں تبدیلی کر دی۔ تفصیلات کے مطابق لاہور اور گردونواح میں دھند اور اسموگ کے باعث فلائٹ آپریش بری طرح سے متاثر ہو گیا، لاہور ایئرپورٹ پروازوں کیلئے 14 گھنٹوں سے بندہے۔
لاہورایئرپورٹ کے اطراف شدید دھند کے باعث حدنگاہ 50 میٹر رہ گئی۔ لاہور ایئرپورٹ کو دھند کے باعث رات 8 بجے بند کیا گیا تھا ۔دھند کے باعث لاہور سے جانیوالی اور آنیوالی 5 پروازیں منسوخ کی گئیں جبکہ 17پروازوں کے اوقات کارتبدیل کیے گئے۔ لاہور سے گلگت جانےوالی پرواز پی کے609 اور گلگت سے آنےو الی پرواز پی کے 610 کو منسوخ کردیاگیا۔
شارجہ سے آنیوالی پرواز پی کے 186 اورکراچی جانے والی پرواز پی کے 303 کو بھی منسوخ کردیاگیا۔
شارجہ جانیوالی پرواز پی اے 412 ،ابوظہبی جانیوالی پرواز پی اے 430 کی روانگی میں تاخیر کردی گئی ۔ قطرایئر لائنز پرواز کیو آر 621 ،ٹورنٹو اور استنبول اور لندن جانیوالی پروازوں کو بھی ری شیڈول کیا گیا ہے ۔ انتظامیہ کے مطابق ایئرلائنز انتظامیہ نے فلائٹس کی منسوخی اور تاخیر سے متعلق مسافروں کو پیشگی اطلاع کردی تھی۔ دوسری جانب موٹروے ایم 2 لاہور سے کوٹ مومن، موٹروے ایم 3 لاہور سے رجانہ، موٹروے ایم 4 پنڈی بھٹیاں سےعبدالحکیم، موٹروے ایم 5 شیر شاہ سے رحیم یار خان تک دھند کے باعث بند ہے۔
لاہور سیالکوٹ موٹروے اور رنگ روڈ کو بھی دھند کے باعث ٹریفک کیلئے بند کر دیا گیا ہے۔ سی ٹی او لاہور نے دھند میں احتیاطی تدابیر اپنانے کی ہدایت کر دی۔ انہوں نے تمام پولیس وہیکلز کی فلیشر لائٹس چلتی حالت میں رکھنے کا حکم دے دیا۔ سی ٹی او کا کہنا ہے کہ شدید دھند کی وجہ سے شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر اضافی وارڈنز تعینات ہیں، موٹروے کی بندش سے داخلی و خارجی راستوں پر ٹریفک کا لوڈ رہے گا، شہری فوگ لائٹس اور شیشوں پر نمی نہ آنے دیں۔