بدقسمتی سےماضی کےحکمرانوں نےقائداعظمؒ کے اصولوں سےروگردانی کی اورپاکستان اپنی اصل منزل سےہٹ گیا،وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار
لاہور(عمران قذافی سے ) وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح ؒکے یوم ولادت پراپنے پیغام میں کہا ہے کہ قائداعظمؒ جیسے مدبر صدیوں پر بعد پیدا ہوتے ہیں۔قائداعظم محمد علی جناحؒ نے مسلمانان برصغیر کو غلامی کی زنجیروں سے نجات دلائی۔قائداعظم محمد علی جناحؒ کی ولولہ انگیز قیادت میں مسلمانوں کے لئے آزاد وطن کاخواب حقیقت میں بدلا۔ قائداعظمؒ نے اتحاد، تنظیم اور ایمان کے اصولوں کو اپنانے کی تلقین کی۔ تحمل،برداشت اوررواداری پر مبنی فلاحی معاشرے کا قیام بانی پاکستان محمد علی جناحؒ کا خواب تھا۔انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے ماضی کے حکمرانوں نے قائداعظمؒکے اصولوں سے روگردانی کی۔سابق کرپٹ حکمرانوں نے قائدؒ کے پاکستان کو بری طرح نوچااوراسی وجہ سے پاکستان اپنی اصل منزل سے ہٹ گیا۔قائداعظمؒ کی تعلیمات اورافکار پر عمل کر کے ہم پاکستان کو حقیقی معنوں میں فلاحی ریاست بناسکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان تحریک انصاف کی حکومت اس مشن کی تکمیل کیلئے پرعزم ہے۔وزیراعظم عمران خان قائد اعظم محمد علی جناحؒ کے خوابوں کو عملی شکل دینے کے لئے جدوجہد کررہے ہیں۔انشاء اللہ عوام کے تعاون سے قائد اعظمؒ کے ویژن کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان کو فلاحی ریاست بنائیں گے۔انہوں نے کہا کہ قائد اعظمؒ کو خراج عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ سیاسی اور ذاتی مفادات کو پس پشت رکھ کر بحیثیت قوم اپنی صفوں میں اتحاد و یکجہتی کی مثالی فضا پیدا کی جائے۔آج کے دن ہمیں قائد اعظمؒ کے فرمودات کے مطابق پاکستان کو عظیم سے عظیم تر ملک بنانے کیلئے اپنی تمام تر توانائیاں بروئے کا رلانے کے عزم کااعادہ کرنا ہوگا۔
٭٭٭٭