آسٹریلوی کرکٹ ٹیم 24 سال بعد پاکستان پہنچ گئی

اسلام آباد ( عاقب ابراہیم غوری سے ) آسٹریلوی کرکٹ  ٹیم 24 سال کے بعد پیٹ کمنز کی قیادت میں پاک سرزمین پر پہنچ گئی۔

پاک آسٹریلیا کرکٹ سیریز کے لیے آسٹریلوی ٹیم خصوصی طیارے سے اسلام آباد پہنچی۔ جہاں پاکستان کرکٹ بورڈ کے حکام نے مہمان ٹیم کا استقبال کیا۔مہمان ٹیم دو روز بائیوسیکیورببل میں رہے گی۔

پاکستان پہنچنے والے کھلاڑیوں میں کپتان پیٹ کمنز کے علاوہ اسٹیو اسمتھ، مارنوس لبوشین، جوش ہیزل ووڈ، مچل مارش، عثمان خواجہ، ناتھن لیون، مچل اسٹارک اور دیگر کھلاڑی شامل ہیں۔

ٹیسٹ سیریز سے پہلے آسڑیلوی کھلاڑیوں کے کورونا ٹیسٹ ہوں گے۔ ٹیسٹ منفی آنے پر پریکٹس کی اجازت ملے گی ۔

کرکٹ آسٹریلیا کی جانب سے بھی سوشل میڈیا پر پیٹ کمنز کی ایک تصویر شیئر کی گئی ہے جس میں انہیں اسلام آباد ائیر پورٹ پر پہنچنے کے بعد خوش گوار موڈ میں دیکھا جا سکتا ہے۔

دوسری جانب قومی ٹیسٹ اسکواڈ کے ارکان کا آج آئسولیشن میں آخری روز ہے۔ آج سے شروع ہونے والے ٹریننگ سیشن میں کپتان بابر اعظم، سرفراز احمد اور نسیم شاہ  شامل ہوں گے۔

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پہلا ٹیسٹ چارمارچ سے راولپنڈی اسٹیڈیم میں کھیلا جائےگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں